پاکستان

قوم اور پاک فوج، شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا اور غازیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ دن بھر ملاقاتیں کیں، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں قائم آرمی آڈیٹوریم میں شہدا اور غازیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا اور غازیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ دن گزارا اور ان سے فرداً فرداً ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ قوم اور پاک فوج شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج شہدا کے اہل خانہ کی خوشحالی کے لیے کام کرتی رہے گی۔

ملاقات میں آرمی چیف نے شہدا کے اہل خانہ کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے ہدایات بھی جاری کیں۔

مزید پڑھیں : آرمی چیف کی شہید پولیس انسپکٹر کے گھر آمد

یاد رہے کہ گزشتہ روز یوم دفاع و شہدا کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ شہید سب انسپکٹر عباس کے گھر گئے اور شہید کی اہلیہ اور بیٹے سے ملاقات کی تھی۔

آرمی چیف نے وطن عزیز کے لیے قربانی دینے والے شہید عباس اور تمام شہدا کے لیے دعا کی تھی،

ان کا کہنا تھا کہ شہدا نے مملکت خداداد پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔