لائف اسٹائل

پنجاب کے گاؤں سے دبئی تک کا سفر اور ‘پنکی میم صاب’

چھوٹے گاؤں کی ایک عام سی لڑکی کس طرح عالمی شہر میں آگے بڑھتی ہے اور اس کا سامنا کیسے افراد سے ہوتا ہے؟
فلم کی پہلی جھلک حاجرہ یامین نے شیئر کی—فوٹو: انسٹاگرام

اگرچہ تاحال پاکستان میں صرف مصالحہ فلمیں ہی کامیاب ہو رہی ہیں، تاہم جلد ہی پاکستانی سینما گھروں میں ایک منفرد کہانی پر مبنی فلم ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

اگرچہ ‘پنکی میم صاب’ پاکستانی فلم نہیں، تاہم اس فلم میں کام کرنے والے مرکزی اداکار پاکستانی ہی ہیں۔

دبئی کی خاتون ڈائریکٹر شازیہ علی خان کی فلم ‘پنکی میم صاب’ پاکستانی اداکارہ حاجرہ یامین کی دوسری فلم ہوگی، جس میں وہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے چھوٹے سے گاؤں کی ایک لڑکی کا کردار ادا کریں گی۔

حاجرہ یامین نے ‘پنکی میم صاب’ کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اس فلم کی کاسٹ میں نہ صرف پاکستانی بلکہ دبئی اور بھارت کے اداکار بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی اس فلم کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے حاجرہ یامین نے بتایا کہ ‘پنکی میم صاب’ میں وہ پنجاب کے چھوٹے گاؤں سے تعلق رکھنے والی ایک ایسی عام لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو ملازمت کے لیے دبئی جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ‘فلم کی کہانی اسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے، ایک گاؤں کی عام سی لڑکی عالمی شہر میں کیسے آگے بڑھتی ہے اور اس کا سامنا کس طرح کے افراد سے ہوتا ہے، یہی کچھ فلم میں دکھایا گیا ہے۔

انہوں نے عالمی پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں کام کرنے کے تجربے کو اپنے لیے اچھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں دبئی اور بھارت کے اداکاروں کے ساتھ کام کرکے اچھا لگا۔

خیال رہے کہ ‘پنکی میم صاب’ ڈائریکٹر شازیہ خان کی بھی پہلی فلم ہوگی، اس فلم کی کہانی بھی انہوں نے ہی لکھی ہے۔

فلم کو ‘شیز اسٹوڈیو’ کے بینر تلے جلد ہی پاکستان، دبئی اور بھارت سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کیا جائے گا۔

حاجرہ یامین کی یہ دوسری فلم ہوگی، اس سے قبل وہ ‘مان جاؤ نہ’ میں نظر آئی تھیں۔