لائف اسٹائل

سلمان خان سے شادی کیلئے نوجوان لڑکی ان کے گھر پہنچ گئی

24 سالہ لڑکی رواں سال 11 اگست کو اپنے گھر سے بھاگ کر ممبئی روانہ ہوئی تھی۔

بولی وڈ اداکار سلمان خان کو ہندی سینما انڈسٹری کا سب سے قابل غیر شادی شدہ اداکار مانا جاتا ہے، جن کی خواتین فین فالوونگ دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔

بہت سی خواتین کی خواہش ہے کہ وہ سلمان خان سے شادی کریں، تاہم ایک نوجوان لڑکی اپنی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے اداکار کے گھر تک پہنچ گئی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی اپنے گھر سے بھاگ کر ممبئی آ پہنچی، جس کی خواہش اداکار سے شادی کرنا تھی، جسے بعدازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

24 سالہ لڑکی رواں سال 11 اگست کو اپنے گھر سے بھاگ کر ممبئی روانہ ہوئی تھی، جس کے بعد سے اس کے گھر والوں کی تلاش جاری تھی۔

ممبئی پہنچنے کے بعد یہ لڑکی 52 سالہ سلمان خان کی رہائش گاہ پہنچی تاہم وہاں موجود گارڈز نے اسے اندر جانے نہیں دیا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ لڑکی ذہنی مریض ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سلمان خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر یہ لڑکی ممبئی کے ایک برج پر پائی گئی، جہاں لوگوں نے پولیس کو فون کرکے اطلاع کی، جس کے پعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے اسے گرفتار کیا۔

مزید پڑھیں: سلمان سے ملاقات کرنے کیلئے 15 سالہ لڑکی کی خطرناک کوشش

پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسے گرفتاری کے بعد طبی معائنے کے لیے ہسپتال بھیجا جاچکا ہے۔

ابتدائی تحقیق میں لڑکی نے پولیس کو صرف یہ بتایا کہ وہ سلمان خان سے شادی کرنا چاہتی ہے، تاہم بعدازاں پولیس کو اپنے والد کا نمبر بھی دے دیا جس کے بعد اب اسے اس کے خاندان کے سپرد کردیا ہے۔

یاد رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا جب کسی لڑکی نے سلمان خان سے ملاقات کی خاطر ایسا خطرناک قدم اٹھایا ہو۔

رواں سال کے آغاز میں 15 سالہ لڑکی نے مدھیا پردیش سے ممبئی پہنچ کر سلمان خان سے ملاقات کی خطرناک کوشش کی تھی۔

اس مداح نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں موجود سلمان خان کے فلیٹ پہنچ کر وہاں موجود سیکیورٹی گارڈز سے سلمان خان سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

تاہم گارڈز کے منع کرنے پر مداح کو وہاں سے بھیج دیا گیا، البتہ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس لڑکی نے فلیٹ کی دیوار چھڑنے کی کوشش کی جسے گارڈز کی جانب سے ناکام بنادیا گیا جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر اس لڑکی کو گرفتار کرلیا تھا۔

یاد رہے کہ بولی وڈ کے سب سے قابل غیر شادی شدہ اداکار مانے جانے والے سلمان خان کا نام بہت سی اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا جاچکا ہے، جن میں ایشوریا رائے بچن اور کترینہ کیف شامل ہیں۔

تاہم سلمان خان نے ابھی تک شادی کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

ایسی بھی رپورٹس سامنے آئیں تھی کہ وہ بہت جلد اپنی دوست یولیا وانتور سے شادی کرلیں گے، تاہم اداکار نے ان خبروں کو بھی بےبنیاد ٹھرا دیا۔