دلیپ کمار کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل
بالی ووڈ کے مشہور اداکار دلیپ کمار کو صحت کی خرابی کے باعث ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں دلیپ کمار کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ ‘صاحب کو ممبئی کے لیلاواتی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، وہ چیسٹ انفیکشن کے باعث تکلیف محسوس کررہے تھے’۔
دعاؤں کی درخواست کے ساتھ ساتھ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ‘وہ روبصحت ہیں اور آپ سے دعاؤں کی درخواست ہے’۔
خیال رہے کہ ماضی میں بھی دلیپ کمار کو سانس کی تکلیف کے باعث اکثر ہسپتال منتقل کیا جاتا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:دلیپ کمار کو آئی سی یو منتقل کرنے کا فیصلہ
دلیپ کمار 2 اگست 2017 کو گردے میں تکلیف کے باعث لیلاوتی ہسپتال میں داخل کردیا گیا تھا جہاں طبیعت مزید بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا تاہم جلد ہی صحت یاب ہوگئے تھے اور انہیں ہسپتال سے خارج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 2016 میں بھی دلیپ کمار کو سانس لینے میں تکلیف کے باعث ممبئی کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو پیدا ہونے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے اور انہوں نے 1944 میں 22 سال کی عمر میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔
ان کی آخری فلم ‘قلعہ’ 1998 میں ریلیز ہوئی تھی۔
دلیپ کمار کو 1991 میں پدمابھوشن، 1994 میں دادا صاحب پھالکے اور 2015 میں پدماوی بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔