صدارتی انتخاب میں عارف علوی کامیاب ہوئے، حتمی نتیجہ
الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ایس سی پی ) نے صدارتی انتخاب کے حتمی نتائج کا اعلان کردیا، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے عارف علوی ملک کے 13 ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔
ای سی پی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عارف علوی نے مجموعی طور پر 352 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ اپوزیشن کے امیدوار مولانا فضل الرحمٰن نے 184 اور اعتزاز احسن نے 124 ووٹ حاصل کیے۔
حتمی نتیجے کے مطابق صدارتی انتخاب میں مجموعی طور ایک ہزار 110 ووٹ کاسٹ کیے گئے، جن میں سے 28 ووٹ مسترد بھی ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے نتائج میں بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی نے پارلیمںٹ سے کل 212 ووٹ حاصل کیے۔
مزید پڑھیں: پارلیمنٹ کا معرکہ عارف علوی کے نام
ای سی پی کی جانب سے صدارتی انتخاب کے حتمی نتائج وفاقی حکومت کو بھی ارسال کردیے گئے ہیں، جس کے بعد وفاقی حکومت صدر مملکت کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک کے صدر کے انتخاب کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبوں کی اسمبلیوں میں ووٹنگ ہوئی تھی، جس میں عارف علوی نے اکثریت حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا تھا کہ وہ صرف تحریک اںصاف کے نہیں بلکہ پوری قوم کے صدر ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ صدر منتخب ہونے میں مجھ ناچیز کا کوئی کمال نہیں بلکہ میرے ساتھیوں اور ورکرز کی جدوجہد اور محنت ہے، جس کی وجہ سے وہ منتخب ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: خاموش اور غیرمتحرک صدر نہیں بنوں گا، عارف علوی
انہوں نے کہا تھا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ ان 5 سالوں میں غریب کی قسمت بدلے، اس کے تن پر کپڑا اور سر پر چھت ہو اور اسے کھانا نصیب ہو۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ میں صرف تحریک انصاف نہیں بلکہ تمام جماعتوں اور لوگوں کا صدر ہوں، میں تمام ووٹرز اور کارکنان کا مشکور ہوں اور میں پورے پاکستان کا صدر بننے کی کوشش کروں گا۔