مائیک پومپیو، جنرل جوزف ڈنفرڈ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بھارت روانہ
وزیراعظم عمران خان سے امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈونفرڈ کی ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی جس کے بعد وہ بھارت روانہ ہوگئے۔
امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد مائیک پومپیو اور امریکی وفد بھارت روانہ ہوگئے جہاں بھارتی حکام کے ساتھ ان کے تفصیلی مذاکرات کا شیڈول طے ہے۔
قبل ازیں ذرائع کے مطابق امریکی سیکریٹری اسٹیٹ اور چئیرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفرڈ اسلام آباد پہنچے جہاں ان کا وزارت خارجہ کے حکام نے استقبال کیا۔
اپنے ایک روزہ دورے میں مائیک پومپیو اور جنرل جوزف ڈنفرڈ سمیت امریکی وفد پہلے اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے پہنچا جس کے بعد وہاں سے دفتر خارجہ کے لیے روانہ ہوا۔
دفترِ خارجہ پہنچنے پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ اور ان کے وفد کا استقبال کیا جس کے بعد وفود کی سطح پر دونوں ممالک کے نمائندگان کی ملاقات ہوئی جو 40 منٹ تک جاری رہی۔
بعدِ ازاں امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو اور جنرل جوزف ڈنفرڈ کی سربراہی میں امریکی وفد وزیرِ اعظم سے ملاقات کے لیے وزیرِ اعظم آفس پہنچا۔
مزید پڑھیں: امریکا نئی حکومت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے پُر امید
وزیرِ اعظم آفس میں امریکی وفد کی عمران خان سے ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔
اپنے دورے کے دوران وہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے اور آج ہی اپنا دورہ مکمل کرکے بھارت روانہ ہوجائیں گے۔