پاکستان

ضمنی انتخابات: شاہد خاقان عباسی اور خواجہ سعد رفیق ایک مرتبہ پھر پُرعزم

لاہور میں قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر 56 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
|

ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ ختم ہوگیا۔

ریٹرننگ افسران نے لاہور سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر 56 امیدواروں کے کاغذات نامزگی منظور کیے گئے۔

ان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خالی کردہ نشست این اے 131 سے خواجہ سعد رفیق، ولید اقبال، ہمایوں اختر سمیت 39 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔

اس کے علاوہ این اے 124 سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، عابد شیر علی، نعمان قیصر سمیت 17 امیدواروں کے کاغذات جانچ پڑتال کے بعد منظور کر لیے گئے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی خالی کردہ صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں پر بھی 69 امیدوار سامنے آگئے۔

صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 164 سے وحید گل، اعجاز ڈیال سمیت 32 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ پی پی 165 سے 37 امیدواروں کے کاغذات منظور کیے گئے۔

الیکشن شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرستیں 16 ستمبر کو جاری کی جائیں گی۔

ادھر شاہد خاقان عباسی، ابرار الحق، عابد شیر علی، خواجہ سعد رفیق ان کی اہلیہ غزالہ سعد، علیم خان کی اہلیہ کرن علیم اور ولید اقبال لاہور سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن لڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔