پاکستان

اے ایس ایف خاتون اہلکار کی بھارتی گانے پر 'رقص' کی ویڈیو وائرل

اعلیٰ افسران نے تصاویر اور ویڈیو، سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون اہلکار کی 2 سال کی ترقی روک لی۔
|

سیالکوٹ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کی خاتون کانسٹیبل نے بھارتی گانے پر رقص کرکے اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی جس پر حکام نے نوٹس لے لیا۔

سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال کی رہائشی اے ایس ایف کی خاتون اہلکار کی بھارتی گانے پر رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

اے ایس ایف کی خاتون اہلکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی ادارے کے اعلیٰ افسران نے ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا نوٹس لے لیا۔

مزید پڑھیں: یورپی سیاح کے ’کی کی‘ چیلنج پر پی آئی اے کو مشکل کا سامنا

اے ایس ایف کے اعلیٰ افسران نے خاتون اہلکار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی 2 سال کی ترقی روک دی۔

اس کے علاوہ اے ایس ایف حکام نے ملازمین کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کردی۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ویڈیو ایک ماہ قبل بناکر سوشل میڈیا پر ڈالی گئی تھی تاہم یہ ویڈیو کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

ذرائع کے مطابق حکام نے مذکورہ خاتون اہلکار کو اس ضمن میں میڈیا سے بات چیت کرنے سے بھی روک دیا۔

یہ بھی پڑھیں: یورپی سیاح ایوا بیانکا کے خلاف نیب کا کیس ختم؟

خیال رہے کہ اے ایس ایف خاتون اہلکار کو سزا کراچی کے ائیرپورٹ سیکیورٹی فورسز حکام نے دی کیونکہ ادارے کا مین آفس کراچی میں ہے۔

اس سے قبل 13 اگست کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی جانب سے یوم آزادی کا جشن منفرد انداز سے منانے کی کوشش اس وقت مہنگی پڑگئی تھی جب قومی احتساب بیورو (نیب) نے فضائی کمپنی کی جانب سے یورپی سیاح کے اشتراک سے بننے والی ویڈیو کا نوٹس لے لیا تھا۔