دنیا

افغانستان: ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 12 افراد ہلاک

ہیلی کاپٹرمیں دھماکا خیزمواد موجود تھاجس کی وجہ سےتمام لاشیں اس قدر جل چکی ہیں کہ ان کی شناخت بھی ممکن نہیں، افغان حکام

افغانستان کے شمالی علاقے میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 غیر ملکیوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے افغان اور غیر ملکی حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ہیلی کاپٹر مولدووان کمپنی کی ملکیت تھا جس میں 14 افراد سوار تھے، جن میں 11 افراد کا تعلق افغان سیکیورٹی فورسز سے تھا۔

مولدووان ایوی ایشن حکام کے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ افغان صوبے بلخ میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں یوکرین سے تعلق رکھنے والے عملے کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ یوکرین سے تعلق رکھنے والا ایک رکن حادثے میں محفوظ رہا۔

مزید پڑھیں: افغان فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 17 ہلاک

ایک افغان سیکیورٹی ذرائع نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی جبکہ ایک اور افغان سیکیورٹی ذرائع نے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 13 بتائی تاہم انہوں نے ایک غیر ملکی پائلٹ کے واقعے میں محفوظ ہونے کی تصدیق کی۔

افغان سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ’ہیلی کاپٹر پر دھماکا خیز مواد موجود تھا جس کی وجہ سے تمام لاشیں اس قدر جل چکی ہیں کہ ان کی شناخت بھی ممکن نہیں‘۔

اس سے قبل افغان حکام نے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 3 بتائی تھی۔

ڈپٹی کمشنر نظر خدا پامیری نے بتایا کہ ’ضلع دیہدادی سے پرواز کے فوری بعد ہیلی کاپٹر تکنیکی وجوہات کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: نیٹو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 فوجی ہلاک

خیال رہے کہ مذکورہ ہیلی کاپٹر میں افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو صوبہ فاریاب منتقل کیا جارہا تھا۔

ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کی کہ زمین سے ٹکرانے کے فوری بعد ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

ادھر افغان وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر ایک نجی کمپنی کی ملکیت تھا اور اسے وزارت نے مختلف امور کے لیے حاصل کیا تھا۔