آخری رسومات میں مذہبی پیشوا کا گلوکارہ کے ساتھ نازیبا رویہ
گزشتہ ماہ 16 اگست کو طویل علالت کے بعد 76 برس کی عمر میں چل بسنے والی امریکی گلوکارہ اریتھا فرینکلن کی آخری رسومات کے دوران 25 سالہ گلوکارہ و اداکارہ کے ساتھ نازیبا رویہ رکھنے والے عیسائی بشپ نے معافی مانگ لی۔
خیال رہے کہ 76 سالہ اریتھا فرینکلن کو پرسوز آواز اور روح میں اتر جانے والی موسیقی پیش کرنے کی وجہ سے روح کی ملکہ بھی کہا جاتا تھا۔
اریتھا فرینکلن 2010 میں ہی کینسر کا شکار ہوگئی تھیں، تاہم سرجری کرانے کے بعد وہ ایک بار پھر موسیقی کے میدان میں اپنے مداحوں کی روح کو سرور بخشنے کے لیے آئی تھیں۔
تاہم گزشتہ چند ماہ سے وہ انتہائی علیل ہوگئی تھیں، انہیں لبلبے کا کینسر لاحق ہوگیا تھا، جس کے لیے وہ ہسپتال میں زیر علاج تھیں، تاہم گزشتہ ماہ 16 اگست کو وہ چل بسی تھیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این’ کے مطابق اریتھا فرینکلن کی آخری رسومات یکم ستمبر کو ہوئیں، جس میں درجنوں اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اریتھا فرینکلن کی آخری رسومات کے دوران انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 25 سالہ امریکی گلوکارہ و اداکارہ آریانا گرینڈے سمیت دیگر گلوکاراؤں اور فنکاروں نے گانے گاکر انہیں اعزاز بخشا۔
بعد ازاں اریتھا فرینکلن کی آخری رسومات کی تقریبات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں تقریب کے دوران مذہبی رسومات کی ادائیگی کرانے والے بشپ چارلس ایچ الیس کونوجوان آریانا گرینڈے کے ساتھ نازیبا حرکت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذہبی رسومات ادا کرانے والے مذہبی پیشوا نے خود سے چھوٹی عمر کی گلوکارہ کو نامناسب انداز میں نہ صرف گلے لگایا بلکہ اسے نامناسب انداز میں چھوتے بھی رہے۔
ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے والے صارفین نے 25 سالہ گلوکارہ آریانا گرینڈے کو نامناسب انداز میں مسلسل چھونے والے مذہبی شخص پر لوگوں نے تنقید کی اور گلوکارہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس عمل کے خلاف آواز اٹھائیں۔
ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آریانا گرینڈے گانا گانے کے بعد مذہبی پیشوا سے آکر ملتی ہیں اور وہ انہیں سائیڈ میں کھڑا کر کے مسلسل نامناسب انداز سے چھو رہے ہیں۔
بشپ کے نامناسب رویے پر خاموش رہنے پر کچھ لوگوں نے آریانا گرینڈے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم کچھ صارفین نے ان کی ویڈیوز کے وہ حصے بھی شیئر کیے، جن میں گلوکارہ کو بشپ کے رویے سے خفا ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پر اسی معاملے پر دنیا بھر سے 90 ہزار ٹوئیٹس کی گئی اور اداکارہ کے ساتھ لوگوں نے حمایت بھی کی۔ویڈیوز سامنے آنے اور اپنے اوپر تنقید ہونے کے بعد بشپ نے گلوکارہ اور عوام سے معافی بھی مانگی۔
اسکائی نیوز کے مطابق بشپ چارلس ایچ ایلس نے اپنے رویے پر معافی مانگتے ہوئے وضاحت کی کہ ان کا ارادہ خاتون کو چھونے کا نہیں تھا۔
بشپ نے وضاحت کی کہ انہوں نے غیر ارادی طور پر اپنے ہاتھ آریانا گرینڈے کے جسم پر رکھے اور انہیں اس چیز کا احساس نہیں تھا کہ وہ کوئی نامناسب حرکت کر رہے ہیں۔
بشپ نے اپنے رویے پر عام لوگوں اور اداکارہ سمیت تمام افراد سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ انہوں نے انجانے میں حدود پار کی ہوں، لیکن وہ اپنے اس عمل پر معافی کے طلبگار ہیں۔
خیال رہے کہ 25 سالہ آریانا گرینڈے نے میوزک کیریئر کا آغاز 2011 میں کیا، تاہم انہوں نے اداکاری کا آغاز اس سے بھی قبل 2009 میں کیا تھا۔
آریانا گرینڈے نے اب تک 3 سے زائد میوزک ایلبم ریلیز کرنے سمیت متعدد گانے بھی ریلیز کیے ہیں۔
آریانا گرینڈے نے نہ صرف ٹی وی ڈراموں بلکہ چند فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔