پاکستان

انڈس ہائی وے پرحادثہ،ایک ہی خاندان کے 8 افراد ہلاک

بدقسمت خاندان کراچی کے علاقے میمن گوٹھ کا رہائشی تھا، تمام افراد سیہون میں لال شہباز قلندر کے مزار سے واپس آرہے تھے۔

انڈس ہائی وے پر رات گئے ہونے والے حادثے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 8 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں 60 سالہ حنیف میمن ، 59 سالہ عبدالغنی، 56 سالہ مشتاق احمد ، 55 سالہ عمران ، 46 سالہ عبدالحمید، 42 سالہ زبیر احمد ، 55 سالہ عبدالغنی اور 22 سالہ دانیال حسین شامل ہیں۔

حادثہ پٹارو ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا جب ایک مزدا سوزوکی بولان سے جاٹکرائی, بدقسمت خاندان کراچی کے علاقے میمن گوٹھ کا رہائشی تھا.

یہ بھی پڑھیں: سیہون: انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

ابتدائی طور پر زخمی ہونے والوں میں اظہر علی، شہباز میمن، اور عبدالغنی بھی شامل تھے جن میں سے عبدالغنی بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

حادثے کے بعد تمام افراد کو لیاقت یونیورسٹی ہسپتال جامشورو لایا گیا ، جہاں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی، بعدازاں انہیں حیدرآباد میں قائم لیاقت نیشنل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

متوفین کی میتیں صبح سویرے کراچی پہنچائی گئیں، جہاں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ملیر کے قبرستان میں ان کی تدفین کردی گئی۔

****مزید پڑھیں: سندھ: سپر ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، 8 افراد ہلاک**

حادثے کا شکار بننے والے افراد سیہون میں واقع مشہور صوفی بزرگ لال شہباز قلندر کے مزار سے واپس آرہے تھے، پولیس نے حادثے کا شکار دونوں گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔