کھیل

لال چند راجپوت زمبابوین ٹیم کے مستقل کوچ مقرر

ہیتھ اسٹریک کے مستعفی ہونے کے بعد گزشتہ تین ماہ سے لال چند راجپوت عبوری بنیادوں پر زمبابوین ٹیم کے ساتھ کام کر رہے تھے۔

ہرارے: سابق بھارتی کرکٹر لال چند راجپوت کو زمبابوین کرکٹ ٹیم کا مستقل ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

ہیتھ اسٹریک کے مستعفی ہونے کے بعد گزشتہ تین ماہ سے لال چند راجپوت عبوری بنیادوں پر زمبابوین ٹیم کے ساتھ کام کر رہے تھے تاہم اب انہیں مستقل بنیادوں پر یہ ذمے داری سونپ دی گئی ہے۔

راجپوت اب 2020 میں شیڈول ورلڈ ٹی20 تک کوچ کی حیثیت سے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین تاونگوا موکولانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹی20 اور 50 اوور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا ہمارے اہداف میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لال چند راجپوت کرکٹ کے بارے میں وسیع سوچ اور تجربہ رکھتے ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ ان کی زیر کوچنگ ٹیم یہ اہداف حاصل کر لے گی۔