پاکستان

وزیرِاعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات

ملاقات کے دوران خطے میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اعلامیہ
|

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان سے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پہلی باضابطہ ملاقات کی اور انہیں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

وزیرِاعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیرِاعظم اور آرمی چیف نے ملاقات کے دوران ملک میں پائیدار امن و استحکام کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: برطانوی ہائی کمشنر کی عمران خان سے ملاقات، انتخابات میں جیت پر مبارکباد

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نریندر مودی کی عمران خان کو وزیرِاعظم بننے پر مبارکباد

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف مرکز میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی۔

پی ٹی آئی دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد اراکینِ اسمبلی کے ساتھ مل کر مرکز میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی تھی۔