لائف اسٹائل

کنگنا رناوٹ آئندہ برس عام انتخابات میں حصہ لیں گی؟

اداکارہ نے گزشتہ ماہ ہی سیاست میں انٹری کا اشارہ دیا تھا، وہ پنجاب سے ایوان زیریں کے حلقے کا انتخاب لڑیں گی۔
ادکاارہ نریندر مودی کو جمہوریت کے لیے بہترین شخص قرار دے چکی ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹی وی

بولی وڈ ‘کوئین’ کنگنا رناوٹ نے گزشتہ ماہ 29 جولائی کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی مختصر فلم ‘چلو جیتے ہیں’ کے ریلیز کے موقع پر سیاست میں انٹری کا اشارہ دیا تھا۔

کنگنا رناوٹ نے سیاست میں انٹری کا اشارہ دیتے ہوئے نریندر مودی کی تعریف بھی کی تھی اور کہا تھا کہ ہندوستان کی ترقی کے لیے اہم ہے کہ نریندر مودی کو مزید 5 سال کے لیے حکومت کرنے کا موقع دیا جائے۔

اگلے ہی دن کنگنا رناٹ ریاست چھتیس گڑھ گئی تھیں، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رامن سنگھ اور ان کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

اگرچہ کنگنا رناوٹ نے سیاست میں انٹری کے اشارہ دیا تھا، تاہم یہ بھی کہا تھا کہ ابھی وہ کم عمر ہیں، لیکن وہ ملک کی خاطر کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔

اب خبر سامنے آئی ہے کہ ممکنہ طور پر کنگنا رناوٹ آئندہ سال بھارت میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے انتخابات کے لیے میدان میں اتریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ سیاست میں انٹری کیلئے تیار

جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ 32 سالہ کنگنا رناوٹ آئندہ برس بھارتی ریاست پنجاب کے شہر گرداس پور سے لوک سبھا کے حلقے سے میدان میں اتریں گی۔

سیاست میں آئی تو بہادری اور وقار کے ساتھ ذمہ داریاں نبھاؤں گی، اداکارہ—فوٹو: کنگنا رناوٹ انسٹاگرام

بھارتی نشریاتی ادارے ‘مڈ ڈے’ کی رپورٹ کے مطابق اطلاعات ہیں کہ کنگنا رناوٹ آنجھانی اداکارہ ونود کھنا کے سابق حلقے سے میدان میں اتریں گی۔

ونود کھنا 2017 میں کینسر کے باعث چل بسے تھے، وہ ریاست پنجاب کے شہر گرداس پور کے حلقے سے رکن لوک سبھا منتخب ہوئے تھے، اب اسی حلقے پر کنگنا رناوٹ کو میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ کنگنا رناٹ بھارتی جنتہ پارٹی (بی جی پی) کی سیٹ پر انتخاب لڑیں گی۔

سیاست میں آنے کے حوالے سے اداکارہ نے مڈ ڈے سے بات کرتے ہوئے اگرچہ واضح طور پر اعتراف نہیں کیا کہ وہ آئندہ برس انتخابات میں حصہ لیں گی، تاہم انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر وہ ملک کی خدمت کرنے کے لیے گریز نہیں کریں گی۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوٹ کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی تصاویر وائرل

انٹرویو کے دوران کنگنا رناوٹ نے سیاست اور فلمی کیریئر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نظر میں سیاست آسان کام نہیں، اس لیے اگر انہیں موقع ملا تو وہ بہادری اور وقار کے ساتھ سیاست میں کریں گی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ فلمی کیریئر اور سیاست کو ایک ساتھ چلانا کوئی بری بات نہیں، تاہم وہ سیاست میں آئیں تو ایسا نہیں کریں گی، بلکہ وہ ترجیحی بنیادوں پر سیاست ہی کریں گی۔

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ اگر وہ سیاست میں آئیں تو شادی بھی نہیں کریں گی۔

سیاست میں آئی تو شادی نہیں کروں گی، اداکارہ۔ فوٹو: کنگنا رناوٹ انسٹاگرام