امیر محمد خان جوگیزئی کی بحیثیت گورنر بلوچستان نامزدگی کی رپورٹس مسترد
وفاقی حکومت نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کی بحیثیت گورنر بلوچستان نامزدگی کی رپورٹس کو مسترد کردیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے ایک جاری بیان میں کہا کہ بلوچستان گورنر کی تعیناتی کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں میں کسی قسم کی صداقت نہیں۔
حکومت کے جاری کردہ بیان میں ترجمان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم دعویٰ کیا گیا کہ ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کا نام تجویز کردہ ناموں میں شامل تھا تاہم ان کے نام کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی گورنر بلوچستان نامزد
حکومتی بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کے مجوزہ نام کو اس وقت تک حتمی تصور نہ کیا جائے جب تک اس حوالے سے 'شواہد' منظر عام پر نہیں آجاتے، 'تاہم انہوں نے بھی ان شواہد کا ذکر نہیں کیا جس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ان کا نام تجویز کیا ہے'۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کی بلوچستان کے گورنر کے طور پر نامزدگی کی خبر گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے میڈیا ڈپارٹمنٹ سے جاری کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کی زندگی سے متعلق امور کی تفصیلات، ان کی تصاویر کے ساتھ جاری کی تھیں۔
بعد ازاں ٹی وی چینلز نے رپورٹ کیا تھا کہ ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی نے صوبہ بلوچستان کے گورنر کا عہدہ سنبھالنے سے انکار کردیا ہے لیکن کچھ وقت کے بعد میڈیا میں خبریں گردش کرنے لگیں کہ انہوں نے مذکورہ پیش کش کو مسترد نہیں کیا۔