ہالینڈ کا طلسماتی جزیرہ، گل لالہ کے کھیت اور صوفیہ کا ساتھ
ہالینڈ کا طلسماتی جزیرہ، گل لالہ کے کھیت اور صوفیہ کا ساتھ
صوفیہ اور میری سائیکل ساتھ ساتھ تھی۔ کبھی وہ آگے نکلنے کی کوشش کرتی اور کبھی میں اور کبھی ہم دونوں ہی تھک کر سائیکل آہستہ آہستہ ایک ساتھ چلانا شروع کردیتے۔ ٹیولپ کے سرخ، پیلے، زعفرانی اور نرگس کے سفید پھول تاحد نگاہ پھیلے ہوئے تھے۔
گلِ لالہ اور نرگس کے اتنے زیادہ اور اتنے وسیع رقبے پر پھیلے یہ پھول میں نے زندگی میں پہلی مرتبہ دیکھے تھے۔ یہ کھیت کائنات کے کسی اَن دیکھے طلسماتی جزیرے کے لگ رہے تھے اور یہ مناظر لمحوں کو صدیوں پر محیط اور محسوسات کو امر کردینے والے تھے۔
ٹیکسل جزیرے کے ان کھیتوں کے درمیان سائیکل کے لیے خصوصی راستے بنے ہوئے تھے اور ہم گزشتہ 2 گھنٹوں سے قوسِ قزاح کی طرح ان ست رنگی کھیتوں کے بیچوں بیچ سیدھے اور ہموار راستوں پر بے ترتیب گھوم رہے تھے۔ کبھی کبھار ہوا کا تیز جھونکا آتا تو ہم دونوں کی سائیکلیں ڈولنا شروع کردیتیں۔ تیز ہوا سامنے سے پڑتی تو تمام تر زور لگانے کے باوجود سائیکل کو آگے کی طرف لے جانا مشکل ہوجاتا۔