پاکستان

حکومت کا پی ٹی وی،ریڈیو پاکستان پرعائد سیاسی سینسر شپ ختم کرنے کا دعویٰ

سرکاری ذرائع ابلاغ کو ادارتی خود مختاری حاصل ہوگی اور وہ بغیر کسی سیاسی مداخلت کے اپنی مرضی سے کام کرسکیں گے،وزیراطلاعات

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے سرکاری ذرائع ابلاغ عامہ پر عائد سیاسی سینسر شپ کو ختم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور ریڈیو پاکستان کو اپنے مواد پر ادارتی خودمختاری حاصل ہوگی اور وہ بغیر کسی سیاسی مداخلت کے اپنی مرضی سے کام کرسکیں گے۔

فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے سرکاری ذرائع ابلاغ عامہ کو مکمل ادارتی آزادی دے دی گئی ہے۔

وزیرا طلاعات نے کہا کہ آئندہ تین ماہ میں محکمہ اطلاعات میں واضح تبدیلیاں نظر آئیں گی۔

عمران خان کے ملک کے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے منصب سنبھالنے کے بعد موجودہ حکومت نے اپنے اختیارات کا استعمال شروع کردیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 19 اگست کو قوم سے کیے گئے پہلے خطاب میں حکومتی اداروں کو خود مختار، کرپشن اور سیاسی مداخلت سے پاک بنانے کا وعدہ کیا تھا۔