سائنس و ٹیکنالوجی

جی میل کانفیڈنشنل موڈ کو موبائل فون پر کیسے استعمال کریں؟

ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے تو یہ فیچر مئی سے ہی دستیاب ہے مگر اب اسے اسمارٹ فونز صارفین کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

گوگل نے رواں سال اپریل میں اپنی ای میل سروس جی میل کو ری ڈیزائن کیا تھا، جس میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ بھی ہوا تاہم سب سے زیادہ اہم'کانفیڈنشنل موڈ' تھا جس کے تحت ایسی ای میلز کو بھیجا جاسکتا ہے جو مخصوص وقت کے بعد خودکار طور پر ختم ہوجائیں گی۔

ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے تو یہ فیچر مئی سے ہی دستیاب ہے مگر اب اسے اسمارٹ فونز صارفین کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں : جی میل کا یہ نیا فیچر آپ کو ضرور پسند آئے گا

بنیادی طور پر پرائیویسی کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کرائے گئے اس فیچر کے تحت ای میلز کی ایکسپائر ڈیٹ ہوگی، بالکل اسنیپ چیٹ کے خود ختم ہونے والے پیغامات کی طرح۔

اسی طرح اس فیچر کی مدد سے لوگ ایسی ای میلز بھی بھیج سکتے ہیں جسے دیگر افراد فارورڈ، کاپی، پیسٹ یا ڈاﺅن لوڈ بلکہ پرنٹ تک نہیں کرسکیں گے، تاہم فی الحال کے پاس اسکرین شاٹ کا کوئی علاج نہیں، مگر مستقبل میں اس کی روک تھام کا وعدہ بھی کیا ہے۔

جی میل کانفیڈنشنل موڈ کیسے استعمال کریں؟

اسے استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے تو آپ کو اپنے فون میں جی میل کے اپ ڈیٹ ورژن کی ضرورت ہوگی، اگر اب تک جی میل ایپ اپ ڈیٹ نہیں ہوئی تو گوگل پلے اسٹور پر جاکر اپ ڈیٹ کرلیں یا کچھ دن انتظار کریں تاکہ گوگل خود اس فیچر کا اضافہ کردے۔

اپ ڈیٹ کرنے کے بعد ایپ کو اوپن کریں اور پھر کمپوز بٹن پر کریں، اور پھر دائیں کونے میں موجود تھری ڈاٹ سیٹنگز پر کلک کرکے کانفیڈنشنل موڈ کا انتخاب کریں۔

جب آپ اس موڈ کو ان ایبل کریں گے تو جی میل کی جانب سے کچھ آپشن دیئے جائیں گے کہ ای میل ایکسپائر ہونے کا دورانیہ کیا ہو، جس کے لیے آپ ایک دن، ایک ہفتہ، ایک ماہ، 3 ماہ اور 5 سال میں سے کسی کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

ای میل تک رسائی کے لیے پاس کوڈ کو بھی ان ایبل کیا جاسکتا ہے بلکہ زیادہ گہرائی میں جاکر ای میل بیسڈ یا ایس ایم ایس پر مبنی پاس کوڈ رکھا جاسکتا ہے۔

مثال کے طور پر اگر آپ جس شخص کو ای میل بھیج رہے ہیں، وہ جی میل استعمال نہیں کرتا تو وہ ایس ایم ایس سے پاس کوڈ حاصل کرسکے گا۔

اسی طرح اگر آپ چاہے تو ای میل تک رسائی یا ایسسز کو بھی ریموو کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : جی میل کی تاریخ کی سب سے بڑی تبدیلی متعارف

اس مقصد کے لیے ای میل بھیجنے کے بعد جی میل میں سینٹ کے فولڈ میں جاکر وہ ای میل اوپن کریں اور ریموو ایسسز پر کلک کردیں۔