لائف اسٹائل

افواہیں ختم، پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے منگنی کرلی

پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی منگنی اور روکے کی تقریب آج ممبئی میں پریانکا کے گھر منعقد ہوئی۔

بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس کی منگنی کی قیاس آرائیاں طویل عرصے سے سامنے آرہی تھیں، تاہم اب اس خبر کی آخر کار تصدیقی ہوگئی۔

پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی منگنی اور روکے کی تقریب آج ممبئی میں پریانکا کے گھر منعقد ہوئی۔

اس تقریب کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں، جس کے بعد مداحوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرنا شروع کردیا۔

بعدازاں پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے خود بھی اپنے انسٹاگرام پر منگنی کی خوبصورت تصویر شیئر کرکے اس کا اعلان کیا۔

پریانکا چوپڑا اور نک جونس اس تقریب میں روایتی انداز کے ملبوسات میں نظر آئے۔

مزید پڑھیں: پریانکا چوپڑا کی منگنی کی انگوٹھی کی قیمت کروڑوں میں

جہاں پریانکا نے پیلے رنگ کا خوبصورت جوڑا زیب تن کیا، وہیں امریکی گلوکار نک جونس سفید رنگ کے شلوار قمیض میں دکھائی دیے۔

خیال رہے کہ نک جونس نے گزشتہ ماہ پریانکا چوپڑا کو امریکا میں شادی کی پیشکش کی اور انگوٹھی پہنائی، جس کے بعد ان دونوں کا روکا ہوا۔

خیال رہے کہ روکا پنجابی فیملی میں شادی سے قبل ہونے والی ایک تقریب ہوتی ہے، جہاں لڑکے اور لڑکی کے خاندان والے ملاقات کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو تحفے دیتے ہیں۔

اس تقریب میں پریانکا کی کزن اداکارہ پرینیتی چوپڑا بھی موجود تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا اگلے ماہ منگنی کریں گی؟

یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس اپنی منگنی کی خوشی میں آج ممبئی کے ایک ہوٹل میں پارٹی بھی دیں گے، جہاں بولی وڈ کی بہت سے نامور شخصیات شریک ہوں گی جن میں رنویر سنگھ، کرن جوہر، منیش ملہوترا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ نک جونس اور پریانکا چوپڑا سب سے پہلی بار 2017 کے کانز فلمی میلے کے ’میٹ گالا‘ پر ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے، جس کے بعد ان دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہوئے۔

25 سالہ گلوکار نک جونس عمر میں پریانکا چوپڑا سے 10 سال چھوٹے ہیں۔