دنیا

بھارت: کیرالہ میں بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 324 ہوگئی

مون سون بارشوں نے کیرالہ کی 14 میں سے 12 اضلاع کو شدید متاثر کیا ہے، بھارتی وزیر داخلہ

بھارتی ریاست کیرالہ میں مون سون کی طوفانی بارشوں سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے جبکہ مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 324 تک پہنچ گئی ہے اور بدترین موسمی حالات کے باعث وارننگ بھی جاری کردی گئی ہے۔

ٖغیر ملکی خبررساں ادراے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں مون سون بارشوں سے طوفان میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 324 تک جاپہنچی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے پی' کے مطابق بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بارشوں کے باعث حکومتی سیلابی کیمپوں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد پناہ لیے ہوئے ہیں، جبکہ کئی افراد اپنے گھر کی چھتوں پر جانیں بچانے کے لیے پناہ لینے پر مبجور ہیں۔

گزشتہ آٹھ روز سے جاری بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔

ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں کے باعث فضائی اور ٹرین سروس بھی معطل ہوگئی۔

مزید پڑھیں: بھارت: کیرالا میں طوفانی بارشوں، سیلاب سے 67 افراد ہلاک

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجارن نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں اس آفت کو بدترین سیلاب قرار دیا اور 324 ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’مون سون بارشوں نے کیرالہ کی 14 میں سے 12 اضلاع کو شدید متاثر کیا ہے اور جون سے لے کر اب تک ان بارشوں سے 2 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ 80 ہزار سے زائد ایکڑ کے رقبے پر پھیلی فصل کو بھی نقصان پہنچا۔‘

کیرالہ میں سیکڑوں مچھیروں اور فوجی تیراکوں کے ہمراہ کشتیوں اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریاست کے ساحلی شہر کوچی میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کے رن وے پر پانی کھڑے ہوجانے کے باعث تمام فلائیٹ آپریشنز ہفتے کے روز تک کے لیے معطل ہوگئے۔

ضلع ایڈوکی کے حکام نے بھی سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ منار کے پہاڑی علاقوں سے دور رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: کیرالا میں بارشوں سے سیلاب،ہلاکتوں کی تعداد 37 ہوگئی

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے ہنگامی امداد کے مرکز نے بتایا کہ جون میں مون سون سیزن کے آغاز سے سات ریاستوں میں 800 لوگ زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کیرالہ میں 247، اتر پردیش میں 190، مغربی بنگال میں 183، مہاراشٹرا میں 139، گجرات میں 52، آسام میں 45 اور ناگالینڈ میں 11 افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ کیرالا بھارت کی ایک مشہور سیاحتی ریاست ہے جہاں آبشاروں، ساحل اور خوبصورت پہاڑوں کو دیکھنے لوگ دور دراز سے آتے ہیں۔

بھارت میں جون سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ ستمبر میں اختتام پذیر ہوتا ہے، بارشیں ملکی زراعت کے لیے تو سودمند ہیں لیکن دوسری جانب شدید تباہی کا باعث بھی بنتی ہیں جس میں ہر سال ہزاروں افراد لقمہ اجل بنتے ہیں۔