کاجول شوہر اور شاہ رخ کیساتھ گزرا وقت دوبارہ گزارنے کی خواہاں
بولی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ کاجول جلد ہی آنے والی فلم ‘ہیلی کاپٹر ایلا‘ میں پہلی بار ایک نوجوان لڑکے کی والدہ کے روپ میں نظر آئیں گی۔
انہوں نے فلم کی پروموشن کے دوران ایک عجب خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے شوہر اجے دیوگن اور بولی وڈ کے رومانس کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ زندگی کے اہم سال گزارنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
کاجول جہاں ‘ہیلی کاپٹر ایلا’ میں پہلی بار ایک نوجوان لڑکے کی ماں بنتی نظر آئیں گی، وہیں وہ اس فلم میں اپنے ہی کالج پڑھتے بیٹے کی کلاس فیلو بنتی بھی نظر آئیں گی۔
فلم کی پروموشن کے دوران جب صحافیوں نے ان سوال کیا کہ اگر انہیں زندگی میں ایک بار پھر کالج پڑھنے کا موقع ملے تو وہ کن اداکاروں کا اپنا کلاس فیلو بنائیں گی۔
پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق کاجول نے صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے عجب خواہش کا اظہار کیا اور حیران کن طور پر انہوں نے اپنے شوہر اجے دیوگن اور ساتھی اداکار شاہ رخ خان کا نام لیا۔
اداکارہ نے وضاحت کی کہ اگر انہیں پھر سے کالج پڑھنے کا موقع ملا تو وہ اجے دیوگن اور شاہ رخ خان کو اپنا کلاس فیلو بنائیں گی۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوجائے تو زندگی ان کے لیے بہت حسین ہوجائے گی۔