پاکستان

تحریک انصاف کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی انتقال کرگئے

نئے پاکستان کے لیے غلام عباس کی جدوجہد اور خدمات کو بھلایا نہیں جاسکے گا، جہانگیر ترین

پاکستان تحریک انصاف کے ملتان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی غلام عباس کھاکھی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ملتان میں پی ٹی آئی کے منتخب کردہ رکن صوبائی اسمبلی غلام عباس کھاکھی انتقال کرگئے۔

انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ’پاکستان تحریک انصاف کے منتخب کردہ رکن قومی اسمبلی غلام عباس کھاکھی گزشتہ رات دل کے دورے میں زندگی کی بازی ہار گئے، نئے پاکستان کے لیے ان کی جدوجہد اور خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جاسکے گا۔‘

غلام عباس کھاکھی ملتان کے حلقہ پی پی 222 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کی ویب سائٹ پر موجود الیکشن نتائج کے مطابق ملک غلام عباس پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار مہدی عباس کو شکست دے کر منتخب ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں : ڈی آئی خان میں خودکش دھماکا، تحریک انصاف کے امیدوار جاں بحق

انہوں نے 2016 میں پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ پر ملتان کے حلقہ این اے 153 میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیاتھا لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

اس سے پہلے رواں ماہ ہی پنجاب کے ضلع راجن پور کے حلقے پی پی 296 سے پی ٹی آئی کے نو منتخب ایم پی اے طارق دریشک بھی برین ہیمبرج کے باعث انتقال کرگئے تھے۔