شہری کو زدوکوب کرنے والے ایم پی اے عمران شاہ نے معافی مانگ لی
پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عمران علی شاہ کی شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پارٹی نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نومنتخب رکنِ صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے تھپڑوں کا نشانہ بننے والے شہری کے گھر جا کر معذرت کرلی۔اس ضمن میں تصاویر بھی جاری کی گئیں جس میں انہوں نے شہری سے معافی مانگتے ہوئے انہیں گلے لگایا ہوا ہے۔
اس سے قبل تحریک انصاف نے کراچی میں شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیرتے ہوئے وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ڈاکٹر عمران علی شاہ کو شہری پر تھپڑوں کی بارش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا اور اس دوران ان کے گارڈز بھی برابر میں کھڑے تھے۔
جب ویڈیو سوشل میڈیا پر عوام کی توجہ کا مرکز بنی اور اس پر تنقید کی جانے لگی تو پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی نے واقعے کی وضاحتی ویڈیو جاری کی اور اپنا موقف پیش کیا۔