کراچی میں خاتون اسکالر کی گمشدگی کی رپورٹس پر یووان رڈلے کو تشویش
برائےمہربانی رومانہ حسین کو ایک اورعافیہ صدیقی نہ بننےدیاجائے،کیونکہ ان معاملات کی ابتدا ایسے ہی ہوتی ہے، برطانوی صحافی
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی افغانستان میں قید کے معاملے کو دنیا کے سامنے لانے والی برطانوی خاتون صحافی یووان رڈلے نے کراچی میں مبینہ طور پر انٹیلی جنس ایجنسی کے اہلکاروں کی جانب سے خاتون اسکالر رومانہ حسین کو حراست میں لینے کے بعد 'لاپتا' کیے جانے کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کردیا۔
10 روز قبل یووان رڈلے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر 'فری سسٹر رومانہ' کی ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'برائے مہربانی رومانہ کو ایک اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی بننے نہ دیا جائے، کیونکہ اس کی ابتدا ایسے ہی ہوتی ہے'۔
واضح رہے کہ میڈیا میں اس حوالے سے خبریں سامنے نہیں آرہیں اور یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ رومانہ حسین کے اہل خانہ کو ان کی حراست سے متعلق بات نہ کرنے کے حوالے سے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔