پاکستان

چمن: موٹرسائیکل میں نصب بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق

نامعلوم شرپسندوں نے مبینہ طور پر ایف سی اہلکاروں کو لے جانے والی گاڑی پر حملہ کیا، پولیس

بلوچستان کے علاقے چمن میں بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 فرنٹیئر کورپس (ایف سی) اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ چمن کے مال روڈ کے علاقے میں نامعلوم شرپسندوں نے مبینہ طور پر ایف سی اہلکاروں کو لے جانے والی گاڑی پر حملہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شر پسندوں نے آئی ای ڈی بم کو سڑک کے کنارے کھڑی موٹرسائیکل میں نصب کیا تھا۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فوری طور پر سول ہسپتال چمن منتقل کردیا گیا جہاں پہلے ہی ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔

دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جبکہ گھروں اور دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکے کے بعد پولیس، لیویز اور ایف سی اہلکاروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر بند کردیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 20 جولائی کو بھی چمن میں مال روڈ پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق چمن کی مصروف ترین شاہراہ مال روڈ پر دھماکا اس وقت ہوا، جب قانون نافذ کرنے والے ایک ادارے کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول تھا جبکہ دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور اس کا ہدف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑی تھی۔