ہمارے انور مقصود
یہ کہنا ہرگز غلط نہیں ہوگا کہ موجودہ انور مقصود اپنی تخلیقی زندگی کے بلند ترین مقام پر کھڑے ہوئے ہیں۔
ہمارے انور مقصود
پاکستان رواں برس 71ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ آزادی حاصل کیے 7 دہائیاں گزر گئیں۔ تاریخ کے اس یادگار موڑ کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے والے بھی کم کم رہ گئے ہیں۔ ایسی شخصیات جنہوں نے پاکستان کو معرض وجود میں آتے دیکھا، جن کی آنکھوں میں ہجرت کے دوران انسانی وحشت کے لرزہ خیز مناظر بھی محفوظ ہیں اور وطن حاصل کرنے کی خوشی میں نکلنے والے آنسو بھی۔ انہی لوگوں نے ہجرت کے بعد، پھر نوزائیدہ ملک کو اپنے قدموں پر کھڑے ہوتے ہوئے بھی دیکھا، سازشیں اور سانحات بھی دیکھے، بنتی ٹوٹتی تاریخ میں بدلتے ادوار اور کرداروں کو بھی دیکھا۔
یہ کمیاب لوگ پاکستان کی تاریخ کے گواہ اور مستقبل کے پیش بین بھی ہیں۔ انہی میں سے ایک انور مقصود ہیں، جنہوں نے 71ویں یومِ آزادی کے موقعے پر ہم سے خصوصی گفتگو کی اور قارئین کے لیے اپنا پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔