سائنس و ٹیکنالوجی

سام سنگ کا پہلے سے بڑا سب سے 'طاقتور' گلیکسی نوٹ 9

نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران سام سنگ نے رواں سال کے دوسرے فلیگ شپ فون کو متعارف کرایا۔

متعدد لیکس (بشمول سام سنگ کی جانب سے خود کی جانے لیکس کے ساتھ) آخر کار گلیکسی نوٹ 9 کو باضابطہ طور پر متعارف کرادیا گیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ فون 'کبھی آپ کو سست یا مایوس نہیں ہونے دے گا'۔

نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران سام سنگ نے رواں سال کے دوسرے فلیگ شپ فون کو متعارف کرایا۔

اس ڈیوائس کے بارے میں تو سب کچھ پہلے ہی سب کو معلوم ہوچکا تھا تاہم ابھی آفیشل فیچرز درج ذیل ہیں، ویسے یہ واضح ہے کہ جنوبی کورین کمپنی گلیکسی نوٹ 9 کو اپنے دیگر فونز سے زیادہ بہتر اور بڑا بنانا چاہتی ہے۔

مزید پڑھیں : سام سنگ کے 2 نئے فلیگ شپ فون ایس نائن اور ایس 9 پلس

سام سنگ کا سب سے بڑے ڈسپلے والا فون

جہاں تک اس کے ڈیزائن کی بات ہے تو یہ گزشتہ سال کے نوٹ 8 سے کچھ زیادہ مختلف نہیں، تاہم یہ فون گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں کچھ بڑا ہے بلکہ کمپنی کا سب سے بڑا ڈسپلے والا فون ہے جس میں 6.4 انچ کی انفٹنی بیزل لیس اسکرین دی گئی ہے،مگر دیکھنے میں چھوٹا لگتا ہے جس کی وجہ ٹاپ اور نچلے حصے میں بیزل بہت کم ہونا ہے۔ یہ فون بھی سابقہ ماڈل کی طرح واٹر ریزیزٹنٹ اور ڈسٹ پروف ہے۔

سب سے طاقتور بیٹری

فوٹو بشکریہ انگیجیٹ ڈاٹ کام

گلیکسی نوٹ 9 میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے، جو کہ کسی بھی گلیکسی نوٹ فون میں اب تک کی سب سے طاقتور بیٹری ہے، گزشتہ سال کے ماڈل میں 3300 ایم اے ایچ بیٹری تھی، البتہ نوٹ 7 میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تھی تاہم بیٹریاں پھٹنے پر اس ماڈل کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔

سب سے زیادہ اسٹوریج

فوٹو بشکریہ سام سنگ

اسی طرح فون اسٹوریج کی جہاں تک بات ہے تو گلیکسی نوٹ 9 کا بیسک ماڈل 128 جی بی کا ہے مگر خاص بات پہلی بار اس کمپنی کی جانب سے512 جی بی ورژن والا ماڈل متعارف کرانا ہے، یہ فون مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ کے ساتھ بھی ہے جو کہ 512 جی بی کارڈ کو سپورٹ کرتا ہے جس سے فون کی اسٹوریج 1 ٹی بی تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

پراسیسر اور ریم

فوٹو بشکریہ سام سنگ

گلیکسی نوٹ 9 میں 10 نانو میٹر پراسیسر (اسنیپ ڈراگون 845 یا سام سنگ کا اپنا ایکسینوس پراسیسر) دیا جائے گا جو کہ واٹر کاربن کولنگ سسٹم اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس خصوصیات کے ساتھ ہوگا تاکہ گیمز اور دیگر کاموں کو تیزی سے کیا جاسکے۔ اس فون کے 128 جی بی اسٹوریج والے ماڈل میں 6 جی بی جبکہ 512 جی بی اسٹوریج والے ورژن میں 8 جی بی ریم دی گئی ہے اور یہ بھی پہلی بار ہے کہ سام سنگ کے کسی فون میں 8 جی بی ریم دی جارہی ہے۔

کیمرے

فوٹو بشکریہ انگیجیٹ ڈاٹ کام

یہ تو بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہر نئے فلیگ شپ فون میں سب سے زیادہ توجہ کیمروں پر ہی دی جاتی ہے اورگلیکسی نوٹ 9 میں جو ڈوئل رئیر کیمرہ سیٹ اپ دیا گیا ہے وہ ایس نائن پلس والا ہی ہے۔ 12، بارہ میگا پکسل کے کیمرے میکنیکلی طور پر ایڈجسٹ ایبل آپرچر کے ساتھ ہیں جو کہ بہت روشن 1.5 سے لے کر چھوٹے 2.4 آپرچر پر سوئچ ہوسکیں گے، تاہم اس اک انحصار ایکسپوزر کنڈیشن پر ہے۔ کیمرہ ایپ خودکار طور پر بھی آپرچر بدل سکتی ہے جبکہ صارف اپنی مرضی سے بھی کنٹرول کرسکتا ہے، کسی اور فون (سا سنگ کے اپنے ایس نائن پلس سے ہٹ کر) میں اس طرح دو آپرچر کا آپشن موجود نہیں۔

ایس نائن پلس کے مقابلے میں نوٹ 9 میں ایک نیا سین آپٹیمائزر موڈ دیا گیا ہے جو کہ اس چیز کا تجزیہ کرے گا جس پر آپ کیمرہ پوائنٹ کریں گے اور 20 مختلف ماحول یا منظرنامے کی شناخت کرسکے گا، جس کے مطابق خودکار طور پر برائٹنس، کنٹراسٹ، سچوریشن اور وائٹ بیلنس کو ایڈجسٹ کرے گا، تاکہ ہرممکن حد تک بہتر نتیجہ سامنے آسکے۔

اس کے علاوہ صارف اپنی پسند سے آٹو موڈ یا مینوئیل موڈ کا انتخاب کرسکے گا جبکہ Flaw ڈیٹکشن فیچر بھی دیا گیا ہے جو آپ کو بتائے کہ جب کوئی تصویر دھندلی ہو، کسی کی پلک جھپک گئی ہو یا تصویر کے پس منظر میں کوئی مسئلہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 پہلے سے بہتر کیسے ہوگا؟

ایس پین

نوٹ سیریز کو دیگر فونز سے الگ کرنے والا عنصر ایس پین ہی ہے اور اس بار کمپنی نے اس پر بھی خاصی توجہ دی ہے، پہلی بار ایس پین میں بلیوٹوتھ کا آپشن دیا جارہا ہے جس کی مدد سے آپ اسکرین پر ڈوڈل کے ساتھ ساتھ بہت کچھ کرسکیں گے، یعنی سیلیفی اور پریزینٹیشن کے لیے ریموٹ کنٹرول کے طور پر استعمال کرسکیں گے، اسے چارج کرنے کی ضرورت نہیں بس فون کے ساتھ رکھنا کافی ہوگا۔

ہیڈفون جیک

فوٹو بشکریہ انگیجیٹ ڈاٹ کام

جی ہاں سام سنگ نے اب بھی ہیڈفون جیک کو برقرار رکھا ہے بلکہ کمپنی اس حوالے سے ایپل کا مضحکہ بھی اڑا رہی ہے، جس میں وائرلیس ہیڈ سیٹ یا ڈبل ڈونگل کی ضرورت پڑتی ہے۔ کمپنی کے مطابق ہیڈفون جیک ہی سام سنگ فونز اور آئی فونز کے درمیان واضح فرق ظاہر کرتا ہے۔

ڈیجیٹل اسسٹنٹ

فوٹو بشکریہ انگیجیٹ ڈاٹ کام

سام سنگ کے مطابق ڈیجیٹل اسسٹنٹ بیکسبی کو پہلے سے بہتر کیا گیا ہے، جبکہ اس کے لیے مختلف شراکت داروں کے ساتھ مل کر بھی کام کیا جارہا ہے، یہ ڈیجیٹل اسسٹنٹ گوگل کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ کے ساتھ بھی کام کرسکے گا۔

نیا وائرلیس چارجر

اے پی فوٹو

سام سنگ نے نیا وائرلیس چارجر بھی متعارف کرایا جو کہ نوٹ 9 کے ساتھ ایک اور ڈیوائس کو بھی بیک وقت چارج کرسکے گا۔

سام سنگ ڈیکس

فوٹو بشکریہ دی ورج ڈاٹ کام

ڈیکس کا آپشن بھی گلیکسی نوٹ 9 میں دیا گیا ہے، اس ٹیکنالوجی سے صارفین کو اپنا فون کسی بڑی اسکرین پر چلانے کا موقع مل سکے گا، اس مقصد کے لیے کمپنی نے خصوصی کنکٹر بھی متعارف کرائے ہیں۔ ڈیکس کی مدد سے صارفین خودکار طورپر فون کے مواد ڈیسک ٹاپ پر استعمال کرسکیں گے۔

نئے رنگ

اے پی فوٹو

یہ فون نئے کلر آپشنز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، یہ فون اوشین بلیو، لیونڈر پرپل، میٹالک کاپر اور مڈنائٹ بلیک میں دستیاب ہوگا۔

قیمت

اے پی فوٹو

یہ فون 24 اگست سے مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا جس کے 128 جی بی اسٹوریج اور سکس جی بی ریم والے ماڈل کی قیمت 999 ڈالرز برطانوی پاﺅنڈز (ایک لاکھ 23 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ 512 جی بی ماڈل 1250 ڈالرز (ایک لاکھ 53 ہزار روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگااور اس طرح یہ سام سنگ کا مہنگا ترین فون بھی بن گیا ہے۔