پاکستان

دورانِ پرواز بے ہوش ہونے والا نومولود خیریت سے ہے،پی آئی اے

قومی پرواز کی جانب سے ٹوئیٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں،ہمارے لیے مسافروں کی بہت اہمیت ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے ) نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ پرواز پی کے 750 میں ائیر کنڈیشنر بند ہونے سے بے ہوش ہونے والا نومولود اور اس کی والدہ بالکل ٹھیک ہیں۔

پی آئی اے کے ٹوئیٹ میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے سی ای او نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرنے اور ان کی خیریت جاننے کے لیے اپنا نمائندہ بھیجا تھا۔

‘ٹویٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز منظر عام پر آنے والے واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں، مسافر ہمارے لیے اہم ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 750 میں جہاز کا اے سی سسٹم بند ہونے سے گھٹن کے باعث ایک نومود کی حالت غیر ہونے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی ۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ اے سی سسٹم بند ہونے کے بعد مسافروں کی جانب سے عملے کو جہاز کا دروازہ کھولنے کا کہا جاتا رہا لیکن عملے نے دروازہ نہیں کھولا تھا۔

مزید پڑھیں : پی آئی اے طیارے کا اے سی بند ہونے سے نومولود بے ہوش

ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا تھا کہ نومولود کی ماں عملے کے سامنے التجا کرتی رہیں لیکن عملے نے ان کی کسی بات پر توجہ نہیں دی، جس کے باعث نومولود دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگیا۔

ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ویڈیو کو دیکھ کر ہم نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ حیرت کی بات ہے کہ واقعے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔