ارمینہ خان کی برقع پوش خواتین کی حمایت
پاکستانی اداکارہ نے برقع کرنے والی خواتین کو ڈاکو قراردینے والے برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ کو کرارا جواب بھی دیا
برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ اور سابق میئر لندن بورس جانسن نے کچھ دن قبل برقع اور حجاب کرنے والی مسلم خواتین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں لیٹر بکس کی طرح بند قرار دیا تھا۔
ساتھ ہی انہوں نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے ایسی خواتین کو برطانیہ میں ہونے والی بینک ڈکیتیوں سمیت دیگر جرائم کی واردات میں بھی ملوث قرار دیا تھا۔
اگرچہ بورس جانسن کے ایسے بیان پر برطانیہ کی مسلم خواتین سمیت وہاں کی وزیر اعظم نے بھی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔
تاہم اب بورس جانسن کے ایسے بیانات پر کینیڈین نژاد پاکستانی اداکارہ ارمینہ خان نے بھی انہیں کرارا جواب دیتے ہوئے برقع پوش خواتین کی حمایت کی ہے اور خواتین کی جانب پردہ، حجاب یا برقع کرنے سمیت ان کی جانب سے مختصر کپڑے پہننے کو ان کی اپنی پسند اور آزادی قرار دیا ہے۔