مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4 نوجوان جاں بحق
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں مزید 4 کشمیری نوجوان بھارتی فوج کی درندگی کا نشانہ بن گئے۔
حالیہ ہلاکتوں کے بعد دو روز میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق ضلع بارہ مولا کے علاقے رفیع آباد میں بھارتی فوج کے 32 راشٹریہ رائفلز اور 9 پیرا کمانڈوز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ سے یہ نوجوان جاں بحق ہوئے۔
بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کیا۔
قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا کمانڈر زخمی ہوا تھا۔
دوسری جانب ضلع پلوامہ کے علاقے گُڈورا میں بھارتی فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے آغاز کے بعد مقامی افراد نے بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر: 24 گھنٹے میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 7 نوجوان جاں بحق
مظاہرین کی فوجی اہلکاروں سے جھڑپ کے بعد بھارتی فوج نے انہیں منتشر کرنے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔
واضح رہے کہ 3 اگست کو مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے چوبیس گھنٹے میں 7 کشمیری نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے۔
قبل ازیں 26 جولائی کو بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں اسلام آباد ٹاؤن کے علاقے لال چوک کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 کشمیری جاں بحق ہوئے تھے۔