شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف اشتہاری قرار
لاہور: احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو(نیب) کی درخواست پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کو عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے احتساب عدالت میں اشتہاری قرار دینے کےلیے درخواست دی تھی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران علی یوسف متعدد مرتبہ طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
اس ضمن میں نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران علی یوسف بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں اور متعدد مرتبہ بلائے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے ۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد مسلسل تیسری مرتبہ نیب تحقیقات میں پیش نہیں ہوئے
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیرمین نیب کی جانب سے عمران علی یوسف کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جاچکے ہیں اس لیے احتساب عدالت عمران علی یوسف کو اشہاری قرار دے۔
جس پر احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کو اشہاری قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے اطلاعات ہیں کہ احتساب عدالت سے بچنے کے لیے عمران علی یوسف 3 ماہ قبل ہی لندن چلے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: صاف پانی اسکینڈل: ’زیر حراست ملزم نے شہباز شریف کے خلاف ثبوت فراہم کردیے‘
ذرائع کا کہنا تھا پنجاب صاف پانی کمیشن (پی ایس پی سی) اور پنجاب پاور ڈیولپمنٹ (پی پی ڈی) کیسز میں گرفتاری سے بچنے سے متعلق شہباز شریف کی جانب سے کوئی یقین دہانی نہ کرانے کے بعد عمران علی یوسف نے ملک چھوڑ دیا تھا۔
واضح رہے کہ عمران علی یوسف پر الزام ہے کہ انہوں نے پی پی ڈی سی کے اکاؤنٹ میں وصول ہونے والے 12 کروڑ روپے اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں منتقل کیے، اس کے علاوہ انہوں نے اکرام نوید کو پی پی ڈی کا سی ای او تعینات کیا، جس نے مبینہ طور پر کرپشن کی اور اب وہ نیب کی حراست میں ہیں۔
اسی طرح شہباز شریف کے داماد پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں اپنا ہی پلازے کے ایک فلور کو 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کرائے پر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: صاف پانی از خود نوٹس: معاملے کی تحقیقات نیب کے حوالے کرنے کا انتباہ
نیب کا کہنا تھا کہ عمران علی یوسف 12 کروڑ روپے رقم کی منتقلی کے حوالے سے بھی کسی سوال کا جواب نہیں دیا جو نوید اکرام نے انہیں پی ڈی سی کے اکاؤنٹ سے ادا کیے، نہ ہی انہوں نے نیب میں مذکورہ خرید و فروخت کا کوئی معاہدہ یا رسید جمع کرائی۔
اس سے قبل بھی پنجاب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (پی اے سی سی) نے اکرام نوید کے خلاف کرپشن الزامات کی تحقیقات کی تھیں جبکہ عمران علی یوسف کو کلین چٹ دے دی گئی تھی، نوید اکرام نیب کی تحویل میں ہیں اور اس وقت سے ان کی ایک ارب روپے مالیت کی جائیداد منجمد ہے۔