اینٹی نارکوٹکس فورس کا ملک بھر میں آپریشن، 1.8 ٹن منشیات برآمد
راولپنڈی : اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک میں بھر میں مختلف آٓپریشنز کے دوران 18 گاڑیوں سے 1.8 ٹن منشیات برآمد کرکے منشیات کی منتقلی میں مبینہ طور پر ملوث 30 افراد کو گرفتار کرلیا۔
انسدادِ منشیات کے ادارے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پکڑی جانے والی منشیات میں ایک ہزار 7 سو 13 کلوگرام حشیش، 59 کلو گرام افیون، 25 کلوگرام ہیروئن اور 12 کلو گرام ایمفیٹامین شامل ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ اے این ایف راولپنڈی نے گجرات کے رہائشی عظمت علی کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لیا جس کے قبضے سے 1.8 کلو ایمفیٹامین برآمد ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے خلاف آپریشن شروع
اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد ٹول پلازہ پر ایک اور کارروائی کرتے ہوئے ایک کار سے 3.3 کلو حشیش برآمد کرلی جبکہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے امجد اللہ اور عبدالقادر کو حراست میں لیا گیا، برآمد شدہ منشیات کار کے دروازوں میں چھپائی گئی تھی۔
دوسری جانب اے این ایف نے موٹروے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے، اسلام آباد- لاہور موٹر وے پر چکری کے مقام سے ایک کار سے 2 کلو ہیروئن برآمد کرلی۔
اسلام آباد ٹول پلازہ پر ہی ایک اور کارروائی میں ایک کار سے 81 کلو سے زائد حشیش اور 12 کلو سے زائد افیون برآمد کر کے گجرانوالہ کے رہائشی اشتیاق احمد کو گرفتار کرلیا۔
ادھر اے این ایف لاہور نے ایک علیحدہ آپریشن میں اوکاڑہ کے رہائشی اسرار خان اور ساہیوال سے تعلق رکھنےوالے سرفراز سے 30 کلو گرام حشیش جبکہ کوہاٹ کے نصیر خان سے 18 کلو حشیش برآمد کرلی۔
مزید پڑھیں: ‘صوبائی اور وفاقی حکومتیں انسداد منشیات سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کریں‘
اس کے علاوہ اے این ایف نے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 5.1 کلو ہیروئن بھی برآمد کرلی، ساتھ ہی ایک لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے کار میں چھپائی گئی 2.25 کلو ہیروئن پکڑ کر ایک شخص کو حراست میں لےلیا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کے دیگر کارروائیوں میں پشاور کے رہائشی سردار علی سے 7.2 کلو گرام حشیش، گجرانوالہ کے شہریوں محمد سلیم اور عمران علی سے 24 کلو ہیروئن، لاہور کے شہری محمد سجاد سے تقریباً 11 کلو افیون، پشاور کے رہائشی فضل ربی سے 6 کلو گرام افیون، جبکہ سجاد خان اور عبدالوہاب سے ساڑھے 27 کلو سے زائد حشیش برآمد کرکے گرفتار کرلیا۔
اس کے علاوہ رحیم یار خان کے رہائشی احمد آفتاب کو ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کر کے 2.67 کلو ایمفیٹامین برآمد کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آبادائرپورٹ:مسافر سے 2 کلو چرس برآمد
علاوہ ازیں اے این ایف پشاور نے ٹول پلازہ پر ایک مشتبہ کار کو روک کر 26کلو حشیش برآمد کی جبکہ پشاور ایئرپورٹ پر سامان سے 795 گرام ایمفیٹامین برآمد ہونے پر کوہاٹ کے رہائشی عرفان کو حراست میں لے لیا گیا۔
اسی طرز کی ایک اور کارروائی کوہاٹ میں بھی کی گئی جہاں ایک مشتبہ کار کو روک کر شہری عدنان سے 12 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔
اے ایف اے کے مطابق قصور میں بھی وقاص نامی شخص سے 25 کلو ہیروئن، 6 کلو افیون اور 3.4 کلو حشیش برآمد کی گئی، جس کے بعدکرک کے رہائشیوں حضرت علی رحمٰن، سردار علی خان اور امین خان کو گرفتار کرلیا گیا۔
یہ خبر 07 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔