پاکستان

کوئٹہ سے آزاد امیدوار نعمت اللہ زہری پی ٹی آئی میں شامل

نعمت اللہ زہری کو ہم سے جو توقعات ہیں،انہیں پورا کرنے کی کوشش کریں گے، صوبائی صدر پی ٹی آئی
|

کوئٹہ سے آزاد امیدوار اور مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹر بننے والے میر نعمت اللہ زہری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر نعمت اللہ زہری نے یہ اعلان کیا۔

نعمت اللہ زہری کا کہنا تھا کہ سردار یار محمد رند سے ہمارے آباؤ اجداد کا تعلق ہے، اور انہیں بڑے بھائی جیسا سمجھتا ہوں۔

پی ٹی آئی کے صوبائی صدر نے میر نعمت زہری اور ان کے ساتھیوں کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کیا اور کہا کہ نعمت اللہ زہری کو ہم سے جو توقعات ہیں،انہیں پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نعمت زہری کی شمولیت سے ہمارے ارکان کی تعداد 6 ہو گئی ہے، بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت سازی میں بھرپور حمایت کریں گے۔

انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے نامزد کیے گئے وزیر اعلیٰ کے حوالے سے کہا کہ ’ہم جام کمال کو اعتماد کا ووٹ دینے کو تیار ہیں، عمران خان نے جام کمال کو صوبے میں کرپشن کے خاتمے, تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری کا کہا ہے‘۔

یار محمد رند نے کہا کہ جام کمال جہاں غلط ہوئے انہیں روکنے کی کوشش بھی کریں گے کیونکہ ہمارے لیے سب سے پہلے بلوچستان ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ وہ اتحادیوں کے ساتھ ملکر صوبے میں حکومت بناسکتے تھے تاہم عمران خان نے بی اے پی کی حمایت کا اعلان کیا ہے، ہم عمران خان کے فیصلوں کے پابند ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف نے صوبے میں وزارتوں کی کوئی بات نہیں کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف چاہتی ہے کہ صوبے کی جماعتیں مرکز میں ہمارے ساتھ حکومت میں شامل ہوں۔

واضح رہے کہ میر نعمت اللہ زہری سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے بھائی ہیں اور وہ مارچ 2015 کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔