عمران خان کی حکومت بنانے سے قبل 5 سفیروں سے ملاقات
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے 25 جولائی کو ملک میں منعقدہ عام انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے فوری بعد سعودی عرب اور چین سمیت 5 اہم ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کو وزیراعظم بنانے کے لیے گزشتہ کئی برسوں سے کوششیں کی جارہی تھیں جو بالآخر 25 جولائی 2018 کو رنگ لائیں۔
پی ٹی آئی نے انتخابات میں نہ صرف مرکز بلکہ خیبر پختونخوا میں بھی کامیابی حاصل کر کے اقتدار کے تسلسل کی نئی روایت قائم کرلی جبکہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے مقابل نشستیں حاصل کرکے پہلی مرتبہ پنجاب میں بھی حکومت بنانے کے قریب ہے۔
عمران خان کی کامیابی کے ساتھ ہی پڑوسی اور دیگر ممالک کے سربراہان کی جانب سے ٹیلی فونک مبارک باد کے پیغامات موصول ہوئے جبکہ پاکستان میں موجود غیرملکی سفیروں نے ان سے ملاقاتیں کیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے پہلے سفیر سعودی تھے جنھوں نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی۔
سعودی سفیر کی ملاقات
پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پی ٹی آئی کی واضح کامیابی کے غیر حتمی نتائج سامنے آتے ہی 27 جولائی کو بنی گالا میں عمران خان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی۔
سعودی سفیر نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر سعودی فرمان روا کی جانب سے مبارک باد اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔
انہوں نے پاکستان میں انتخابی عمل کی تکمیل پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔