پاک فوج کا 20 ہزار فٹ کی بلندی پر کامیاب آپریشن، روسی کوہِ پیما کو بچالیا
الیگزینڈر گوبیافو 25جولائی سے لوٹک کی چوٹی پر پھنسے ہوئےتھے، ان کے پاس کھانے پینے کا سامان بھی نہیں تھا، آئی ایس پی آر
پاک فوج نے کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے گلیشیئر میں پھنسنے والے روسی کوہِ پیما الیگزینڈر گوبیافو کو بحفاظت اتار لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق روسی کوہِ پیما شمالی علاقہ جات میں بیافو گلیشیئر میں 20 ہزار 6 سو 50 فٹ بلند چوٹی لوٹک پر پھنس گئے تھے۔
مزید پڑھیں: پاک فوج نے نانگا پربت میں پھنسی ایک غیرملکی کوہ پیما کو بچا لیا
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کے پائلیٹس نے نامساعد حالات کے باوجود غیر ملکی کوہِ پیما کو بچانے کے لیے 31 جولائی کی صبح کامیاب ریسکیو آپریشن کرکے انہیں باحفاظت زمین پر اتار لیا۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بلندی پر ریسکیو آپریشن کامیابی سے انجام پایا ہے۔