لائف اسٹائل

کترینہ کیف نے ’بھارت‘ میں پریانکا کی جگہ لے لی

فلم میں کترینہ ایک مرتبہ پھر سلمان خان کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔

بولی و وڈ دیسی گرل پریانکا چوپڑا بہت جلد سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں کام کرنے والی تھیں، تاہم بعدازاں انہوں نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

اداکارہ کے انکار کی وجہ ان کی امریکی گلوکار نک جونس کے ساتھ منگنی کو قرار دیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ فلم ’بھارت‘ میں کام کرنے سے انکار پر فلم کے پروڈیوسر نے پریانکا کو غیر ذمہ دار کہا تھا جبکہ ہدایت کار علی عباس ظفر نے پریانکا کی آنے والی زندگی پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور نئی اداکارہ کی تلاش جاری کردی۔

فلم میں پریانکا چوپڑا مرکزی اداکارہ کا کردار کرنے جارہی تھیں، تاہم اب ان کی جگہ کترینہ کیف نے لے لی ہے۔

مزید پڑھیں: ’پریانکا نے اچانک بھارت چھوڑ کر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا‘

ممبئی مرر سے بات کرتے ہوئے فلم کے ہدایت کار علی عباس ظفر نے بتایا کہ ’میں کترینہ اور سلمان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے پر بےحد پرجوش ہوں، ہم نے ماضی میں بھی کئی بہترین پروجیکٹس پر کام کیا‘۔

خیال رہے کہ کترینہ کیف کو اس سے قبل بھی فلم ’بھارت‘ میں ایک مختصر کردار ادا کرنے کے لیے کاسٹ کیا گیا تھا، تاہم بعدازاں انہوں نے اس کردار کو ادا کرنے سے انکار کردیا۔

جبکہ اب کترینہ اس فلم میں سب سے اہم کردار ادا کرنے نظر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا نے ’بھارت‘ میں کام سے انکار کردیا

فلم میں ان کے علاوہ اداکارہ دیشا پٹانی اور تبو بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

یاد رہے کہ کترینہ کیف اور سلمان خان اس سے قبل ’میں نے پیار کیوں کیا؟‘، ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

فلم ’بھارت‘ اگلے سال عید کے موقع پر ریلیز ہوگی۔