پاکستان

’پنجاب میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی‘

پنجاب میں ہمارے پاس اکثریت ہے اور ہماری 129 نشستیں ہیں جبکہ تحریک اںصاف کی نشستوں کی تعداد 118 ہے، حمزہ شہباز

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ تمام تر تحفظات کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت ترقی کرے، انشاء اللہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) اپنا بھرپور آئینی کردار ادا کرے گی۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں جب ہمیں حکومت ملی تھی تو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ کی عزت کی تھی اور انہیں خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کا موقع دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے پاس اکثریت ہے اور ہماری 129 نشستیں ہیں جبکہ ہمارے مقابلے میں تحریک اںصاف کی 118 نشستیں ہیں اور ہم پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل دھاندلی ہوئی، ہم پر مقدمے بنائے گئے، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا لیکن ہم اپنا آئینی حق ادا کرتے رہیں گے۔

عمران خان کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی باتیں سننے میں تو اچھی تھیں لیکن ان پر عمل بھی کرنا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عزت اللہ تعالی کی ذات دیتی ہے اور عزت کرسی میں نہیں لوگوں کے دلوں میں ہوتے ہیں کیونکہ کرسیاں آتی جاتی رہتی ہیں۔