کراچی پورٹ ٹرسٹ پر کارگو جہاز میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا
کراچی پورٹ ٹرسٹ پر کارگو جہاز میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد قابو پالیا گیا۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق جمعہ کی صبح اچانک کیماڑی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ پر کھڑے کارگو جہاز میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی تھی اور قریبی کمپارٹمنٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
مزید پڑھیں: کراچی: سائٹ ایریا میں فوم فیکٹری میں آتشزدگی، 5 افراد زخمی
آگ لگنے کے فوری بعد کراچی پورٹ کے فائر ٹینڈر نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے مدد کے لیے پاک بحریہ کو طلب کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ پر گارگو جہاز میں لگنے والی آگ کو بجھانے میں معاونت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کراچی پورٹ کے ترجمان کے مطابق کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔
کے پی ٹی ترجمان کے مطابق آل ہارون نامی کشتی دبئی سے کراچی پہنچی تھی اور اس میں متعدد گاڑیاں موجود تھیں، جو آگ لگنے سے متاثر ہوئی۔
ترجمان کے مطابق آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن کشتی کے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: بہادر آباد کی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی
خیال رہے کہ کراچی میں کارگو جہاز میں آگ لگنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی اس طرح کی آتشزدگی کے مختلف واقعات رونما ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل رواں ماہ ہی کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں ضیاء موڑ کے قریب فوم بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا، کے باعث لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکسکتر ہوگیا تھا جبکہ فائر فائٹرز سمیت 5 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔