Live Election 2018

سوشل میڈیا پر بیلٹ پیپرز کی تصاویر میں صداقت نہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن

یہ بیلٹ پیپرز گزشتہ الیکشن کے تھے جبکہ کہیں بلدیاتی حکومت کے بیلٹ پیپرز بھی نظر آئے، بابر یعقوب

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سیکریٹری بابر یعقوب کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر بیلٹ پیپرز سے متعلق شیئر کی جانے والی تصاویر میں زیادہ سچائی نہیں اس لیے عوام ان پر دھیان نہ دیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر یعقوب نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر ہونے کے بعد ہم نے تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ کچھ بیلٹ پیپرز گزشتہ الیکشن کے تھے، کہیں بلدیاتی حکومت کے بیلٹ پیپرز بھی نظر آئے جبکہ فرضی بیلٹ پیپرز بھی سامنے آئے۔‘

لاہور میں بڑی تعداد میں ملنے والی شناختی کارڈز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’نادرا کے مطابق وہ شناختی کارڈز زائد المیعاد تھے اور جن کے تھے انہیں نئے شناختی کارڈز جاری ہوچکے ہیں، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔‘

بابر یعقوب نے واضح کیا کہ 25 جولائی کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 9 نشستوں پر انتخاب نہیں ہوگا، جن میں راولپنڈی کا حلقہ این اے 60 بھی شامل ہے۔