جھوٹ کا ورلڈکپ ہو تو عمران خان اول ہوں گے، حمزہ شہباز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو تقاریر میں الزامات لگانے پر تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہا ہے کہ اگر جھوٹ کا ورلڈ کپ ہوتو عمران خان اول ہوں گے۔
اسلام آباد کے علاقے ترنول میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے شہبازشریف پر الزامات لگائے اور جب شہبازشریف عدالت گئے تو عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر جھوٹ بولتے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آج کل عمران خان خالی کرسیوں سے خطاب کرکے چلے جاتے ہیں۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ملتان میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ اگر الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو پھر عوامی سیلاب کو نہیں روک سکوں گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبائی انتظامیہ، پولیس اور الیکشن کمیشن کان کھول کر سن لیں کہ ووٹرز کو روکا تو پورا پاکستان ہو گا اور صوبائی انتظامیہ، پولیس اور الیکشن کمیشن ہو گا۔