زمین کے شیطانوں سے لڑتا سمندروں کا بادشاہ ‘ایکوامین’
اس کرہ ارض پر موجود سمندروں پر اگرچہ ریاستوں اور ممالک کا اختیار ہوتا ہے، تاہم آنے والی ہولی وڈ کی سائنس فکشن سپر ہیرو فلم ‘ایکوامین’ میں ایک غیر معمولی صلاحیتوں کے شخص پانیوں پر حکومت کرتے نظر آئیں گے۔
جی ہاں، ڈی سی کامک کے کردار ‘ایکوامین‘ پر مبنی وارنر برادر کی سائنس فکشن فلم ‘ ایکوامین‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں سمندروں کے بادشاہ کو زمین کےشیطانوں سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
تقریبا ڈھائی منٹ دورانیے کے ٹریلر کو دیکھ کر فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایکوامین اپنی سلطنت یعنی سمندروں میں زمین سے آئے ہوئے شیطان لوگوں سے مقابلہ کرتے ہیں۔
ایکوامین دراصل سمندروں پر مبنی بادشاہ ایٹلانٹس کے حکمران ہوتے ہیں، جو اس وقت اپنی سلطنت کی حفاظت کے لیے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں، جب سمندروں پر مبنی سلطنت میں دوسری سلطنت یعنی زمین سے آئے ہوئے برے لوگ آتے ہیں۔