Live Election 2018

عام انتخابات: خیبر پختونخوا کے 3174 پولنگ اسٹیشن حساس ترین قرار

ولنگ اسٹیشن کے باہر اور اندر پولیس کے ساتھ آرمی بھی تعینات ہوگی، آئی جی پی، محمد طاہر

حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے نیا سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) محمد طاہر کے مطابق انتخابی مہم کے سلسلے میں تمام سیاسی رہنماؤں کو سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، جبکہ ہر جماعت کے رہنما کو کسی بھی جلسے یا کارنر میٹنگ سے 48 گھنٹوں قبل متعلقہ پولیس حکام کو آگاہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 12069 پولنگ اسٹیشن میں سے 3174 کوحساس ترین، جبکہ4539کو حساس قرار دیا گیا ہے اور پولنگ اسٹیشن کے باہر اور اندر پولیس کے ساتھ آرمی بھی تعینات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں عوامی نینشل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ہارون بلو کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکے کے بعد پشاور میں سیکیورٹی کے حوالے سے دوبارہ نظر ثانی کی گئی ہے۔