فٹ بال ورلڈ کپ 2018ء کے تاریخ ساز لمحات
ایک ماہ تک جاری رہنے والا فٹبال ورلڈ کپ 2018ء کا رنگا رنگ میلہ فرانس کی کامیابی پر اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ اس عالمی کپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ٹی وی اسکرین کے سامنے نظریں جمائے کروڑوں مداحوں کو بھی اپنے سحر میں مستقل جکڑے رکھا۔
فٹبال کے چاہنے والوں کو اب اگلے ورلڈ کپ کے لیے 4 سال کا طویل انتظار کرنا پڑے گا۔ فٹبال کا اگلا ورلڈ کپ قطر میں کھیلا جائے گا۔ قطر 2022ء کے عالمی کپ میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا کیونکہ یہ فٹبال کے عالمی کپ میں شرکت کیے بغیر عالمی کپ کی میزبانی کرنے والا دنیا کا پہلا ملک ہوگا۔
قطر میں کھیلا جانے والا 22واں عالمی میلہ اس لحاظ سے بھی منفرد ہوگا کہ یہ فٹبال کی تاریخ میں موسمِ سرما میں کھیلا جانے والا پہلا ورلڈ کپ ہوگا۔ قطر کے اگلے عالمی کپ سے پہلے آئیں ایک نظر روس میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ پر ڈالتے ہیں۔
روس کے میدانوں میں کھیلنے والی ٹیموں کے مابین متعدد دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے۔ ان مقابلوں کے دوران کچھ ایسے واقعات بھی رونما ہوئے جو اس سے قبل کسی فٹبال ورلڈ کپ مقابلے میں یا تو پیش ہی نہیں آئے یا پھر شاذو نادر ہی دیکھنے تو ملے تھے۔ اس کے ساتھ فٹ بال میدانوں کو چند نئی ٹیکنالوجیز سے آراستہ بھی کیا گیا۔ آئیے ایسے ہی چند دلچسپ لمحات اور جدت پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
فرانس کی اپنے ملک سے باہر عالمی کپ کے فائنل میں پہلی فتح
فرانس نے گزشتہ 20 برسوں کے دوران 3 مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ 1998ء میں اپنے ملک میں کھیلے گئے فائنل میں انہوں نے برازیل کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ 2006ء میں جرمنی کے شہر برلن میں کھیلے گئے فائنل میں فرانس کو اٹلی کے ہاتھوں پینالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست ہوئی تھی۔