کھیل

آگر نے ڈیبیو پر کئی ریکارڈز توڑ ڈالے

انگلینڈ کے خلاف پہلے ایشز ٹیسٹ میں مشکل وقت میں شاندار اننگ کھیلنے والے آسٹریلین ایشٹن آگر نے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
Welcome

ناٹنگھم: انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مشکل وقت میں شاندار اننگ کھیلنے والے آسٹریلین ایشٹن آگر نے کئی ریکارڈز اپنے نام کے آگے درج کرا لیے۔

آگر ڈیبیو پر بدقسمتی سے سنچری تو اسکور نہ کر سکے تاہم اس کے باوجود انہوں نے کئی ریکارڈ کو توڑ ڈالا۔

ایشٹن نے فل ہیز کے ساتھ دسویں کے لیے ورلڈ ریکارڈ شراکت قائم کرتے ہوئے 163 رنز جوڑے، اس پارٹنرشپ میں آگر کا حصہ 98 رنز تھا۔

اس سے قبل دسویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے نام تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے 1973 میں برائن ہسٹنگ اور رچرڈ کولنگ نے ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ 1998 میں مشتاق احمد اور اظہر محمود نے اس ریکارڈ کو برابر کر دیا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ آسٹریلین بیٹسمین نے گیارہویں نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا، اس سے قبل گزشتہ سال ٹینو بیسٹ نے انگلینڈ ہی کے خلاف 95 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

آگر نے اس اننگ کے دوران گیارہویں نمبر پر سب زیادہ رنز بنانے والے آسٹریلین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کر لیا، اس سے پہلے گلین میک گرا نے 2004 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 61 رنز بنائے تھے۔

انیس سالہ آگر ڈیبیو پر گیارہویں نمبر پر نصف سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، اس سے قبل 1902 میں آسٹریلیا کے ویورک آرمسٹرانگ کی جانب سے 45 رنز ڈیبیو پر گیارہویں پر کھیلتے ہوئے کسی بھی بلے باز کا سب سے بڑا اسکور تھا۔

جب آسٹریلیا کی نویں وکٹ گری تو ان کا اسکور 117 رنز تھا جبکہ آگر جب آؤٹ ہوئے تو اسکور بورڈ پر 280 رنز موجود تھے، یہ کرکٹ کی تاریخ میں تیسرا موقع ہے کہ دسویں وکٹ نے اپنی ٹیم کے اسکور کو ڈبل کر دیا ہو۔