کھیل

محمد وسیم کو سخت مقابلے کے بعد متھالین کے ہاتھوں شکست

پاکستانی باکسر کو انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن فلائی ویٹ ورلڈ ٹائٹل مقابلے میں جنوبی افریقی کھلاڑی نے شکست دے دی۔

کوالالمپور: پاکستانی باکسر محمد وسیم کو انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن فلائی ویٹ ورلڈ ٹائٹل مقابلے میں جنوبی افریقی باکسر موروتی متھالین نے سخت مقابلے کے بعد شکست دے دی۔

اتوار کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں منعقدہ مقابلے میں صرف 8فائٹس کے تجربے کے حامل کوئٹہ کے وسیم کی فائٹ جنوبی افریقہ کے موروتی متھالین سے تھی جنہیں 37فائٹس کا تجربہ حاصل تھا۔

جنوبی افریقی باکسر نے ابتدائی 6 راؤنڈز میں شاندار کھیل پیش کیا اور غیرمعمولی برتری حاصل کر لی۔

تاہم میچ کے دوسرے حصے میں محمد وسیم نے شاندار طریقے سے واپسی کی خصوصاً 11ویں راؤنڈ میں ان کا کھیل دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔

وسیم میچ میں خسارے میں چل رہے تھے لیکن میچ کے 11ویں راؤنڈ میں انہوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور ایک بہترین حملہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو رنگ میں گرا دیا اور قریب تھا کہ پاکستانی باکسر اپ سیٹ کر دیتے، لیکن ریفری نے 8 تک گنتی کی ہی تھی کہ متھالین اپنے پیروں پر دوبارہ کھڑے ہو گئے۔

اس موقع پر محمد وسیم نے اپنے حریف پر دوبار حملہ کرنے کی ٹھانی لیکن اس سے قبل کہ وہ متھالین کو مزید دو چار مکے رسید کرتے، ججز نے گھنٹی بجا کر راؤنڈ کے اختتام کا اعلان کردیا اور متھالین نے یقینی ناک آؤٹ سے بچنے پر سکھ کا سانس لیا۔

میچ کے 12ویں راؤنڈ میں بھی وسیم نے 35سالہ حریف کو آڑے ہاتھوں لیا اور بھرپور مکے رسید کیے لیکن اس سے قبل کہ وسیم جنوبی افریقی باکسر کو ناک آؤٹ کر پاتے، میچ کے 12ویں راؤنڈ کا بھی اختتام ہو گیا۔

دونوں باکسرز کے درمیان 12 راؤنڈ پر مشتمل فائٹ کا اسکور 114، 113، 114، 111، 116 اور 111 رہا۔

واضح رہے کہ یہ وسیم کی مسلسل 8 انٹرنیشنل فائٹس میں فتوحات کے بعد پہلی شکست ہے۔