پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا گیا ہے، نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا گیا ہے، جگہ جگہ پر رکاوٹیں کھڑی کی ہیں اور لوگوں کے راستے روکے جارہے ہیں۔
ابوظہبی ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہت سہہ لیا اور بہت برداشت کرلیا، 70 برس کوئی تھوڑی مدت نہیں ہوتی، ملک کو 70 سال میں کیا ملا، آج اس قوم کو رسوا کیا جارہا جبکہ یہ قوم رسوا ہونے والی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں جوش و خروش ہے لیکن انہیں سیکڑوں کی تعداد میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ ایئرپورٹ نہ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں صرف 10 دن رہ گئے ہیں، کیا انتخابات سے قبل اس طرح ہوتا ہے؟ اس سے انتخابات کی کیا ساکھ رہ جائے گی، اگر انتخابات کی ساخت ہی نہیں ہے تو کون اسے تسلیم کرے گا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے 10 اور مریم نواز کو 7 سال قید کی سزا دی گئی لیکن میں ایک مقصد کے لیے پاکستان آرہا ہوں، مجھے پاکستان اور اپنی قوم پیاری ہے اور آنے والی نسلوں کا مجھ پر قرض ہے۔
میں اپنی اہلیہ کو ہسپتال میں چھوڑ کر پاکستان آرہا ہوں لیکن ان لوگوں نے پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا ہے، سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا، اس سارے عمل پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو مستعفی ہوجانا چاہیے یا انہیں ہٹا دینا چاہیے۔
لاہور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات
دوسری جانب سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ صوبائی دارالحکومت کے مختلف حصوں میں موبائل فون سروس کے جزوی طور پر بند ہیں۔