پنجاب، سندھ بلوچستان اور چترال کے بعد کشمیر کی مدھر آواز

کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر کی جانب سے منصوبے کا آخری گانا ‘ہانگلو’ بھی کشمیر سے جاری کردیا گیا۔

کوک اسٹوڈیو کی جانب سے پاکستان بھر کی مدھر آوازوں کو سامنے لانے والے موسیقی کے منصوبے ‘کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر’ کی جانب سے اپنے منصوبے کا آخری گانا ریلیز کردیا گیا۔

کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر کی جانب سے پانچواں اور آخری گانا کشمیر کی مدھر آوازوں اور موسیقی میں جاری کیا گیا۔

‘ہاگلو تو ہی ماسہ، وچھ ون یار میون‘ یعنی ‘اے گل کیا تونے میرے دلدار کو دیکھا‘ کو ‘قسمیر’ گروپ نے خوبصورت آواز میں گایا ہے۔

گانے میں جہاں الطاف میر نے اپنی نرم آواز کا جادو جگایا ہے، وہیں غلام محمد دار نے گانے میں کشمیری موسیقی کے خاص آلے ‘سرنگی’ جب کہ سیف الدین شاہ نے ‘تمبکنیز’ اور منظور احمد خان نے ‘گڑھے’ کے سر بکھیرے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’واہ واہ گزران فقیراں دا سے پاریک‘ تک کا پاکستان کی مدھر آوازوں کا سفر

یہی نہیں بلکہ اس گانے میں جدید موسیقی کے آلات کو بھی شامل کرکے اسے مزید دلفریب بنایا گیا ہے۔

گانے میں پرفارمنس کرنے والے فنکار جہاں کشمیر کے ثقافتی لباس میں نظر آتے ہیں، وہیں گانے میں آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد کے نواحی علاقے کی حسین وادیوں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

اس گانے کے ساتھ ہی ‘کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر’ کا اختتام ہوا، اس منصوبے کے تحت پروڈیوسر زوہیب قاضی اور علی حمزہ نے مجموعی طور پر 5 گانے پیش کیے، جنہیں ملک کے نئے تاہم مدھر آواز کے مالک گلوکاروں نے گایا۔

مزید پڑھیں: سندھ اور چترال کے بعد بلوچستان کی مدھر آواز

اس منصوبے کے تحت سب سے پہلے رواں ماہ 3 جولائی کو شمالی علاقہ جات چترال کی 2 بہنوں آریانا اور آمرینا کا گانا ‘پاریک’ جاری کیا گیا تھا۔

چترال کے بعد کوک اسٹوڈیو کی ٹیم نے صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے تھر کے 2 نئے گلوکاروں 21 سالہ شمو بائی اور ان کے 14 سالہ بھائی وشنو کی آواز میں ‘واہ گزران فقیراں دا’ جاری کیا تھا۔

کوک ایکسپلورر کی ٹیم نے 7 جولائی کو بلوچستان کے گلوکاروں کا گانا ‘نصیبایا’ جاری کیا تھا۔

سندھ، چترال اور بلوچستان کے بعد پنجاب سے بھی گانا جاری کیا گیا تھا، ٹیم نے 2 دن قبل یعنی 10 جولائی کو ہی پنجاب کی نئی گلوکارہ میشال خواجہ کا ‘تیرے بن سونا’ جاری کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ، چترال اور بلوچستان کے بعد پنجاب کا ٹیلنٹ سامنے آگیا

اب کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر نے منصوبے کا آخری گانا ‘ہانگلو’ کشمیر سے جاری کردیا، جس کے بعد اس منصوبے کا اختتام ہوا۔

کوک اسٹوڈیو کے 11 ویں سیزن کا آغاز آئندہ ماہ اگست میں ہونے کا امکان ہے، جس میں ان پانچوں گانوں کے فنکاروں کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کوک اسٹوڈیو ایکسلپورر کی جانب سے جاری کیے گئے تمام گانے

پاریک

واہ واہ گزران فقیراں دا

نصیبایا

تیرے بنا سونا

ہاگلو