کھیل

نئی ٹی20 رینکنگ میں فنچ کا عالمی ریکارڈ، فخر دوسرے بہترین بلے باز

آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی20 عالمی درجہ بندی میں 3 درجے ترقی پا کر دوبارہ دنیا کے نمبر ایک بلے باز بن گئے۔

دبئی: جارح مزاج آسٹریلین اوپنر ایرون فنچ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹی20 عالمی درجہ بندی میں 3 درجے ترقی پا کر دوبارہ دنیا کے نمبر ایک بلے باز بن گئے جبکہ فخر زمان لمبی جست لگاتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

پیر کو آئی سی سی نے نئی ٹی20 رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بلے بازوں میں سہ ملکی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آسٹریلین ٹی20 کپتان ایرون فنچ سرفہرست ہیں۔

فنچ نے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 درجے ترقی پا کر پہلی پوزیشن حاصل کی اور پاکستان کے بابراعظم سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

عالمی نمبر ایک بلے باز بننے کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹی20 کی تاریخ میں 900 رینکنگ پوائنٹس حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔

سہ ملکی سیریز میں پاکستان کی جانب سے بلے بازوں میں فخر زمان کا کردار نمایاں رہا، سیریز کے 5 میچوں میں 278 رنز بنانے والے بلے باز نے 44 درجے لمبی چھلانگ لگا کر عالمی نمبر 2 بلے باز بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

سہ ملکی سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت فخر زمان رواں برس ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر آ گئے جبکہ وہ ایک سال کے دوران ٹی20 میں 500 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے۔

اس سے قبل بھارت کے ویرات کوہلی اور افغانستان کے محمد شہزاد بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

فخر زمان نے رواں سال ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کے 13 میچز میں 4 نصف سنچریوں کی مدد سے 516 رنز بنا رکھے ہیں، ایرون فنچ 464 رنز بنا کر دوسرے اور روہت شرما 439 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بھارت کے لوکیش راہُل 9 درجے بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے جبکہ بابر اعظم 4 درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے۔

آسٹریلیا کے ڈی آرسی شارٹ 18 درجے ترقی پا کر 10بہترین بلے بازوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے اور انہوں نے 10ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔

انگلینڈ کے جیسن روئے 19 اور جوز بٹلر 9 درجے ترقی پاتے ہوئے ٹاپ20 میں شامل ہو گئے، روئے نے 15ویں اور بٹلر نے 17 پوزیشن حاصل کر لی۔

انگلینڈ کے خلاف آخری ٹی20 میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے والے بھارتی اوپننگ بلے باز روہت شرما دو درجے اوپر چڑھ کر 11ویں نمبر پر آ گئے جبکہ ویرات کوہلی 4 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے اور 8ویں سے 12ویں نمبر پر چلے گئے۔

شعیب ملک اور سرفراز احمد دو، دو درجے بہتری کے ساتھ بالترتیب 28ویں اور 36ویں نمبر پر آ گئے، آصف علی کی 78ویں پوزیشن کے ساتھ رینکنگ میں انٹری ہوئی۔

باؤلرز میں افغانستان کے راشد خان سرفہرست ہیں اور پاکستان کے شاداب خان دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔

محمد عامر 6 درجے ترقی پا کر 12ویں نمبر پر آ گئے، محمد نواز 9 اور فہیم اشرف 21 درجے ترقی پا کر 32ویں اور 33ویں نمبر پر آ گئے۔

ٹی 20 رینکنگ میں ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں پاکستانی ٹیم نے 132 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے جبکہ بھارت نے ایک سیڑھی چڑھ کر آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھین لی۔

آسٹریلین ٹیم تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے، اس کے علاوہ نیوزی لینڈ پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے، عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز ساتویں، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیش 10ویں نمبر پر موجود ہے۔