پاکستان گلگت بلتستان سیاحت کیلئے بہترین مقام ہے، جرمن سفیر شمالی علاقوں میں شاندار اور خوبصورت نظارے ہیں، یہاں کا ماحول بھی بہت دل فریب ہے، مارٹن کوبلر ویب ڈیسک مارٹن کوبلر، ماریئن فیننگز کے ہمراہ — فوٹو بشکریہ مارٹن کوبلر ٹوئٹر اکاؤنٹ پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے گلگت میں ہونے والے شندور میلے اور پولو فیسٹیول کو سیاحت کا زبردست مقام اور بہترین تقریب قرار دے دیا۔ جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے شندور میلے کی تصاویر شائع کیں اور کہا کہ انہوں نے ایسا بہترین میلہ کبھی نہیں دیکھا۔ جرمن سفیر گلگت کے لیے روانہ ہو رہے ہیں — فوٹو بشکریہ مارٹن کوبلر ٹوئٹر اکاؤنٹ ان کے ہمراہ جرمن نمائندہ براۓ امور نوجوانان ماریئن فیننگز بھی موجود تھیں۔ مارٹن کوبلر نے اپنے پیغام میں شندور میلے اور گلگت بلتستان کے حوالے سے کہا کہ یہاں شاندار اور خوبصورت نظارے موجود ہیں اور یہاں کا ماحول بھی شاندار ہے۔ مارٹن کوبلر فالودہ کے اسٹال پر کھڑے ہیں — فوٹو بشکریہ مارٹن کوبلر ٹوئٹر اکاؤنٹ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا شمالی علاقہ سیاحت کے لیے بہت زبردست مقام ہے۔ اس دوران جرمن سفیر نے میلے میں لگائے گئے کھانوں کے اسٹال کا بھی دورہ کیا وہاں موجود کھانوں سے بھی محظوظ ہوئے۔ جرمن سفیر فالودہ اسٹال پر موجود ہیں — فوٹو بشکریہ مارٹن کوبلر ٹوئٹر اکاؤنٹ ایک اسٹال پر فالودہ کھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان میں دوروں کے دوران مختلف مقامات پر رکنا اور مقامی کھانے کھانے کا شوق ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے سوال کیا کہ آپ کو کھانے میں کیا پسند ہے؟ مارٹن کوبلر ساتھیوں کے ہمراہ کھانے لطف اندوز ہورہے ہیں — فوٹو بشکریہ مارٹن کوبلر ٹوئٹر اکاؤنٹ خیال رہے کہ جرمن سفیر مارٹن کوبلر پاکستان میں موجود سفرا میں ایک خاص حیثیت رکھتے ہیں اور عوامی مقامات کا دورہ بھی کرتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغامات انگریزی زبان کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی جاری کرتے ہیں۔