کھیل

سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستان، آسٹریلیا کل مدمقابل

زمبابوے میں جاری سیریز کے فائنل میں کل آسٹریلیا اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے، صاحبزادہ فرحان کو کھلائے جانے کا امکان۔

ہرارے: زمبابوے میں جاری سہ ملکی ٹی20 سیریز کا فائنل کل عالمی نمبر ایک پاکستان اور عالمی نمبر تین آسٹریلیا کے درمیان مقابلہ کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔

زمبابوے میں جاری سہ ملکی سیریز میں میزبان ملک حسب توقع کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔

دونوں ہی مہمان ٹیموں نے زمبابوے کو دونوں میچوں میں شکست سے دوچار کیا لیکن ٹی20 کی صف اول کی ٹیموں کے درمیان باہمی مقابلے میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک فتح اپنے نام کی۔

پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹ کی شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن کپتان سرفراز احمد کی ٹیم خصوصاً بیٹنگ لائن پر شدید تنقید کام کر گئی۔

آسٹریلیا کے خلاف اگلے میچ میں گرین شرٹس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فخر زمان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت عالمی نمبر 3 ٹیم کو شکست دے کر اپنی عالمی نمبر ایک پوزیشن کو مستحکم کر لیا۔

اتوار کو کھیلنے جانے والے فائنل میچ کے لیے ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ کی خدمات سے محروم آسٹریلین ٹیم کی امیدوں کا محور کپتان ایرون فنچ اور گلین میکسویل ہوں گے۔

خصوصاً ایرون فنچ سیریز میں بھرپور فارم میں نظر آئے اور زمبابوے کے خلاف ایک میچ میں ٹی20 کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

دوسری جانب پاکستان کی توقعات ایک مرتبہ پھر اپنے مضبوط باؤلنگ اٹیک سے وابستہ ہوں گی جس نے گزشتہ دو سال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو ایک بھی سیریز نہ ہارنے دی۔

بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کی جانب سے ایک تبدیلی کا قوی امکان ہے اور حارث سہیل کی جگہ اوپنر کی حیثیت سے صاحبزادہ فرحان کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔

بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کی امیدیں ایک مرتبہ پھر فخر زمان سے وابستہ ہوں گی جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ میچ میں فتح گر اننگز کھیلی تھی جبکہ فائنل میں فتح کے لیے کپتان سرفراز احمد اور تجربہ کار شعیب ملک کو بھی عمدہ کھیل پیش کرنا ہو گا۔

فائنل کے دن موسم صاف اور خوشگوار رہے اور بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ میچ میں وکٹ اسپن کو سپورٹ کرے گی اس لیے پاکستان کی جانب سے شاداب خان کا میچ میں کردار اہم ہو گا۔